لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پر حملے میں مطلوب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن اور دوہری شہریت رکھنے والی نامور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ سے امریکی قونصلیٹ کے نمائندے نے ملاقات کی۔
جیل ذرائع کے مطابق خدیجہ شاہ سے امریکی قونصلیٹ کے نمائندے کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات کے دوران خدیجہ شاہ کی رہائی سے متعلق قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
خدیجہ شاہ کی دوہری شہریت کی وجہ سے وزارت داخلہ نے امریکی قونصل جنرل لاہور کو خدیجہ شاہ تک رسائی کی اجازت دی تھی۔
واضح رہے کہ 7 جون کو امریکا نے پاکستانی حکام سے پی ٹی آئی کی سپورٹر اور دوہری شہریت رکھنے والی نامور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
امریکی دفترِ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ خدیجہ شاہ کےکیس کو فالو کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستانی حکام سے براہ راست رابطے میں ہیں۔ ان کے سفارت کاروں کو لگژری فیشن برانڈ ایلان کی بانی خدیجہ شاہ تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ پاکستانی حکام سے کہا ہے خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے۔ وہ دہری شہریت کی حامل ہیں۔
ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ امریکی شہریوں کی گرفتاری پر جو بائیڈن حکومت ہر ممکن مدد کیلئے تیار رہتی ہے۔ پاکستانی حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ منصفانہ سماعت کی گارنٹی ہوگی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی حکومتوں سے کہتے آئے ہیں کہ گرفتار امریکی شہریوں کیلئے طریقہ کارکوسامنے رکھیں۔
واضح رہے 9 مئی کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیسز میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے۔ جن کے دوران آرمی تنصیبات پر حملوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی ونجی املاک کو بھی جلایا گیا تھا۔
لاہور میں جناح ہاؤس پر حملہ کیس میں مبینہ طور پر ملوث افراد میں سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی اور سابق آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کی نواسی خدیجہ شاہ بھی شامل ہیں۔ جن کے پاس امریکی شہریت بھی ہے۔
خدیجہ شاہ نے 23 مئی کو خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا اور اگلے ہی دن پولیس نے انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کیا تھا۔ جس کے بعد سے وہ جیل میں ہیں۔