اگر ووٹنگ تک عمران خان کا کسی نے ہاتھ نہ پکڑا تو استعفیٰ دیدیں گے: رانا تنویر

اگر ووٹنگ تک عمران خان کا کسی نے ہاتھ نہ پکڑا تو استعفیٰ دیدیں گے: رانا تنویر
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کوشش کر رہےہیں کہ بچ جائیں۔ اگر ووٹنگ تک ان کا کسی نے ہاتھ نہ پکڑا تو پھر وہ استعفیٰ دیدیں گے، اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے۔

رانا تنویر نے شہباز شریف کی جانب سے ڈیفنس مضبوط کرنے سے متعلق بیان پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کی جتنی بار بھی حکومت آئی  ہم نے دفاع کو مضبوط کیا ہے۔ اس ادارے سے متعلق ن لیگ کا نظریہ اور سوچ بالکل واضح ہے کہ یہ ایک بہت اہم ادارہ ہے جس کا موجودہ حالات میں بہت سے ملکی معاملات میں اہم رول بھی ہے۔


ہم نیوز کے پروگرام" بریکنگ پوائنٹ ود مالک" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویرحسین کا کہنا تھا کہ یہ تو آپ کو بھی معلوم ہے کہ جس قسم کے عمران خان انسان ہیں انہوں نے استعفیٰ نہیں دینا وہ آخری گیند تک لڑیں گے،ان کےمخالفین جانتے ہیں کہ عمران خان کو ہارمنوانا کتنا مشکل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹنگ سے ایک روز قبل سرپرائز دینے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کا بیان سوائے وقت حاصل کرنے کی کوشش کے اور کچھ نہیں ہے۔ وزیراعظم کے اس بیان کے بعد پورے میڈیا میں اسی بیان پر بحث ہو رہی ہے۔ اگر بغور جائزہ لیا جائے تو آئین اور قانون کی رو سے وزیراعظم قومی اسمبلی میں اپنے اراکین کا اعتماد کھو چکے ہیں۔