آرمی چیف کی تعیناتی پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے مشاورتی ملاقات مکمل ہو گئی۔ صدر عارف علوی اور عمران خان کی ملاقات کے حوالے سے سرکاری ہینڈ آوٹ آج شام ایوان صدر سے جاری کیا جائے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس سے لاہور پہنچے اور زمان پارک میں عمران خان کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کی اعلیٰ ترین تقرریوں پر مشاورت کے لئےآج کی ملاقات کی گئی۔
ملاقات ختم ہونے کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عارف علوی اور عمران خان کی ملاقات پر ایوان صدر آج شام ساڑھے 6 سے 7 بجے کے درمیان سرکاری ہینڈ آوٹ جاری کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق آئینی، قانونی اور سیاسی امور زیربحث آئے۔ تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے۔ صدر مملکت عارف علوی سےعمران خان کی 45 منٹ کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد صدر واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےشام 7 بجےقانونی ماہرین کااجلاس طلب کرلیا۔ عمران خان وڈیولنک کے ذریعے اپنے قانونی مشیروں سے نئے آرمی چیف کی تعیناتی پر مشاورت کریں گے۔
اجلاس میں شرکت کے لیے قانونی مشیروں کو پیغامات بھجوا دیے گئے ہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجی گئی سمری ایوان صدر کو موصول ہوئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقرریوں کے فیصلے کی توثیق کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے آج ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے ناموں کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو بطور آرمی چیف تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے صدر عارف علوی سے رابطے میں ہوں۔ سمری پر صدر مملکت مجھ سے ضرور بات کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر ملک کا وزیراعظم ایک مفرور سے اہم تقرری کے لئے مشورہ کرنے کے لئے جاسکتا ہے تو میں اپنی پارٹی کا سربراہ ہوں اور صدر مجھ سے اس بارے میں ضرور بات کریں گے۔ سمری آنے کے بعد میں اور صدر آئین و قانون کے مطابق کھیلیں گے۔ نام فائنل ہونے کے بعد اپنے سیاسی حق کا استعمال کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ فوری انتخابات کروائے جائیں۔