پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے دبئی سے آکلینڈ روانہ

کپتان ندا ڈار کا کہناتھا کہ کپتان کی حیثیت سے مجھے اپنی کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ نیوزی لینڈ میں کم بیک کریں گی۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے لیے دبئی سے آکلینڈ روانہ

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے کراچی سے براستہ دبئی نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہو گئی۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 25 نومبر کو نیوزی لینڈ کے مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے آکلینڈ پہنچے گی۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے دو وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔ پچاس اوورز کا میچ لنکن میں نیوزی لینڈ الیون کے خلاف 28نومبر کو ہوگا جبکہ اسی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی وارم اپ میچ 30نومبر کو ہوگا۔تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل تین سے اور 9 دسمبر تک ڈنیڈن اور کوئنز ٹاؤن میں کھیلے جائیں گے جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کوئنز ٹاؤن اور کرائسٹ چرچ میں بارہ سے اٹھارہ دسمبر کے درمیان ہوں گے۔

پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل کراچی میں محتشم رشید کی قیادت میں کوچنگ سٹاف کی نگرانی میں چار روزہ کیمپ میں پریکٹس کی۔کپتان ندا ڈار کا کہناتھا کہ سکواڈ میں چند نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جن میں فاطمہ ثنا اور شوال ذوالفقار کی واپسی ہوئی ہے۔ ام ہانی بھی باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔ ہم ایک درست کمبی نیشن بنانے میں مصروف ہیں اور کھلاڑیوں کا پول بھی بڑھانے پر کام کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف حال میں کھیلی گئی سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی اور ہماری دو کھلاڑیوں نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال آئی سی سی کی ٹی ٹونٹی باؤلنگ رینکنگ میں ابتدائی دس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔کپتان کی حیثیت سے مجھے اپنی کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ نیوزی لینڈ میں کم بیک کریں گی۔ہم دو کوالٹی کی ٹی ٹونٹی ٹیموں کے لیے اچھے کامبی نیشن تیار کرنے کا ارادہ رکھے ہوئے ہیں جن میں دس فاسٹ باؤلرز اور بیٹرز ہوں جس میں انڈر19 اور ایمرجنگ ٹیم بھی شامل ہو۔

پاکستان کا سترہ رکنی سکواڈ ندا ڈار (کپتان)عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ، منیبہ علی(وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی(وکٹ کیپر)نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، شوال ذوالفقار، سدرہ امین،ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔

پلیئر سپورٹ اسٹاف میں ناہیدہ خان (منیجر)،محتشم رشید(عبوری ہیڈ کوچ)،سلیم جعفر(بولنگ کوچ)،توفیق عمر(بیٹنگ کوچ)،محمد اسفندیار(سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)،سید نذیر احمد(میڈیا منیجر)،رفعت اصغر گل(فزیو تھراپسٹ)،اور زبیر احمد(اینالسٹ)شامل ہیں۔دورے کا شیڈول کے مطابق 28نومبرکو50 اوورز کا وارم اپ میچ برٹ سٹکلف اوول لنکن یونیورسٹی میں کھیلا جائے گا،30نومبرکو ٹی ٹوئنٹی وارم اپ میچ برٹ سٹکلف اوول لنکن یونیورسٹی میں کھیلا جائے گا۔3دسمبرکو پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈنیڈن ،5دسمبرکو دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈنیڈن اور9دسمبرکو تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کوئنز ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

اسی طرح12دسمبر کو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کوئنز ٹاؤن،15دسمبر کو دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل کرائسٹ چرچ اور 18دسمبر کو تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔