لانگ مارچ متشدد ہوا تو نظام ڈی ریل ہوگا، ذمہ دار PTI ہوگی: آفتاب شیرپاؤ

لانگ مارچ متشدد ہوا تو نظام ڈی ریل ہوگا، ذمہ دار PTI ہوگی: آفتاب شیرپاؤ
حکومتی اتحاد میں شامل قومی وطن پارٹی کے سربراہ اور ملک کے سینیئر سیاست دان آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کینیا میں قتل کیے جانے والے پاکستان کے سینیئر نامور صحافی ارشد شریف کی ہلاکت کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

نیا دور میڈیا کے پروگرام 'پختونخوا ٹو ڈے' میں رفعت اللہ اورکزئی سے گفتگو کرتے ہوئے آفتاب شیرپاؤ نے ارشد شریف کے بہیمانہ قتل پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقتول پاکستان کا ایک معتبر صحافی تھا لہٰذا وفاقی حکومت کو فوری طور پر اس واقعے کی تحقیقات کرنی چاہیے تاکہ اصل ملزمان کو بے نقاب کیا جا سکے۔

انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ممکنہ احتجاجی مارچ کے اعلان کے بارے میں کرتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان پرامن طور پر مارچ کرنا چاہتے ہیں تو وہ بالکل ان کا آئینی حق ہے لیکن پرتشدد طریقے سے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مارچ متشدد ہوا تو اس سے ملک میں جمہوری نظام ڈی ریل ہو سکتا ہے اور اس کی تمام تر ذمہ داری تحریک انصاف پر عائد ہوگی۔

خیبر پختونخوا میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے سکیورٹی اہلکاروں پر ہوئے مسلسل حملوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ بدقسمتی سے شدت پسندی سے نمٹنے میں مرکز اور صوبہ ایک پیج پر نظر نہیں آ رہے ہیں جس کی وجہ سے دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں عوام کی طرف سے امن کی حمایت میں اٹھنا غیر معمولی ہے اور ایک بہت بڑا پیغام ہے۔ اگر اس جانب توجہ نہیں دی گئی تو آنے والے دنوں میں معاملات سنگین ہو سکتے ہیں۔