پنجاب حکومت اپوزیشن کرکٹ میچ: پیپلز پارٹی ان، ن لیگ نے حکومت کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیا

پنجاب حکومت اپوزیشن کرکٹ میچ: پیپلز پارٹی ان، ن لیگ نے حکومت کے ساتھ کھیلنے سے انکار کردیا
نیوزی لینڈ کے دورہ منسوخی سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پنجاب حکومت کی جانب سے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان میچ کھیلنے کی تجویز پر مسلم لیگ ن کا فیصلہ سامنے آگیا۔
حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو کرکٹ میچ کھیلنے کی دعوت پر ن لیگ نے تحریک انصاف کے ساتھ گورنر ہاؤس پنجاب میں کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ ہم کسی صورت گورنر ہاؤس میں کرکٹ کھیلنے نہیں جائیں گے، حکومت ایک طرف ہمیں چور کہتی ہے دوسری طرف کرکٹ کھیلنے کا کہتے ہیں، حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور دوسری جانب سیر سپاٹوں میں مشغول ہیں۔
رانا مشہود نے کہا کہ میں نے ایک ہفتہ قبل ہی فیاض الحسن چوہان کو فون پر مشترکہ کرکٹ کھیلنے سے منع کردیا تھا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض چوہان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علی حیدر گیلانی نے حکومت اور اپوزیشن کے کرکٹ میچ کے حوالے سے گورنر ہاؤس لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

فیاض چوہان نے میچ کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے جبکہ فائنل میچ میں پنجاب اسمبلی کے چیف پیٹرن پرویز الہٰی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ کے حوالے سے رانا مشہود سے بھی رابطہ کیا ہے، لیکن انہوں نے انکار کردیا ہے حالانکہ ن لیگ کے اراکینِ اسمبلی بھی چاہتے ہیں کہ وہ بھی کرکٹ کھیلیں۔
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کرکٹ ایسی چیز ہے جو متحد کرتی ہے، 9 اکتوبر کو حکومت اور اپوزیشن کے ارکان فرینڈلی ماحول میں کرکٹ کھیلیں گے۔
خبر کا پس منظر
پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ کروانے کا اعلان کیا تھا۔
ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے اپوزیشن قیادت سے باضابطہ رابطہ کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے فیاض چوہان نے پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی اور مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ سے رابطہ کرکے انہیں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ میچ کی تجویز پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ٹیپ بال میچ ستمبر کے وسط میں گورنر ہاؤس یا قذافی اسٹیڈیم میں کروایا جائے گا، اور حکومتی ٹیم کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جب کہ اپوزیشن کو بھی جلد اپنی ٹیم کو حتمی شکل دینے کی درخواست کی ہے۔ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق حکومتی ٹیم میں صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان، صوبائی وزیر حافظ ممتاز، سابق وزیر سمیع اللہ چویدری، صوبائی وزیر میاں اسلم، وزیر کھیل تیمور بھٹی، وزیر تعلیم مراد راس، ایم پی اے ندیم عباس بارا، صوبائی وزیر عنصر مجید نیازی، ملک عمر فاروق، حنیف پتافی، صوبائی وزرا حافظ عمار یاسر، سردار حسین بہادر دریشک اور راجہ یاسر ہمایوں شامل ہیں