وزیراعظم عمران خان چار روزہ دورے پر آج چین روانہ ہوں گے

وزیراعظم عمران خان چار روزہ  دورے پر آج چین روانہ ہوں گے، وہ اپنے دورہ کے دوران چینی صدر سمیت مختلف عالمی رہنمائوں کے علاوہ آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹینالوگارڈ اور عالمی بنک کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کرسٹالینا جارجیوا سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں قرض کے حوالے سے معاملات طے پائے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان کو عالمی بنک اور آئی ایم ایف سے 12 سے 14 ارب ڈالر تک قرضہ ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان دورہ چین کے دوران بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے علاوہ دوسرے سیشن سے خطاب بھی کریں گے۔ اس فورم میں 40 ملکوں کے رہنماء اور 100 سے زائد ملکوں، بین الاقوامی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹر کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا دورہ چین، اب آئی ایم ایف کے پاس جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا

وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا، وزیر میری ٹائم علی زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی زلفی بخاری اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و اصلاحات خسرو بختیار شامل ہیں۔ وزیراعظم کی ملاقاتوں کا سلسلہ کل سے شروع ہو گا۔



وزیراعظم کی 28 اپریل کو چینی صدر شی جن پن سے ون آن ون ملاقات ہو گی۔ ان کی ملائشیا، مصر، بیلاروس، ایتھوپیا سمیت متعدد سربراہان مملکت سے ملاقات طے پا چکی ہے۔ اس دورہ کے دوران چین کے ساتھ مختلف معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے۔ وزیراعظم 29 اپریل کو اپنا دورہ مکمل کر کے وطن واپس لوٹیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک، یو ٹرن اور شکستہ حال شیروانی

واضح رہے کہ جنوبی کوریا پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر قرضہ دے گا اور اس حوالے سے معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے ہیں۔ معاہدے کی دستاویز پر سیکرٹری اقتصادی امور نور احمد اور پاکستان میں کوریا کے سفیر کواک سنگ کیو نے دستخط کیے جب کہ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ مہمان خصوصی تھے۔ جنوری کوریا یہ قرض 2020 تک فراہم کرے گا۔

یاد رہے کہ یہ وزیراعظم کا دوسرا دورہ چین ہو گا۔ انہوں نے اس سے قبل گزشتہ برس نومبر میں چین کا دورہ کیا تھا۔