کراچی کے علاقے کلفٹن سے 3 گدھوں کی گردن اور باقیات ملنے سے متعلق پولیس کی مختلف پہلووں سے تفتیش جاری ہے، گدھوں کی باقیات ملنے والی جگہ کی مختلف ویڈیوز حاصل کی گئی ہیں۔
تفتیشی افسر کے مطابق ویڈیوز میں ایک گاڑی سے گدھے کی باقیات کو پھینکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیوز کی مدد سے گاڑی میں نظر آنے والے افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لگتا ہے گدھے غیر ملکیوں کے لئے ذبح کئے گئے تھے، کیونکہ کچھ غیر ملکی گدھے کو گوشت کے لیے ذبح کرواتے ہیں، جبکہ گدھوں کو ذبح کرکے گوشت بیچنے کے امکانات کم ہیں۔
تفتیشی ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ گدھوں کا گوشت بیچنے والے ملزمان باقیات کھلے عام پھینکنے کے بجائے انہیں زمین میں دبا دیتے ہیں۔
پولیس کے مطابق تفتیش مکمل ہونے کے بعد ویڈیوز اور تفصیلات میڈیا سے شیئرکی جائیں گی۔