Get Alerts

26 حاجیوں کی جان بچانے والے پاکستانی کو ستارہ امتیاز سے نواز دیا گیا

ایوان صدر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں آصف بشیر کو ستارہ امتیاز دیا گیا، انہوں نے سال 2024 میں بطور حج معاون خدمات انجام دیتے ہوئے شدید گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہونے والے 26 حاجیوں کو کندھے پر اٹھا کر ہسپتال پہنچایا تھا

26 حاجیوں کی جان بچانے والے پاکستانی کو ستارہ امتیاز سے نواز دیا گیا

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے گذشتہ سال حج کے دوران 26 حجاج کی جان بچانے والے پاکستانی آصف بشیر کو جمعے کو خدمات عامہ کے شعبے میں ستارہ امیتاز سے نوازا ہے۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق جمعے کو ایوان صدر میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں آصف بشیر کو ستارہ امتیاز دیا گیا۔ انہوں نے سال 2024 میں بطور حج معاون خدمات انجام دیتے ہوئے شدید گرمی کی وجہ سے بے ہوش ہونے والے 26 حاجیوں کو کندھے پر اٹھا کر ہسپتال پہنچایا تھا۔

 وہ ڈپٹی کمشنر آفس پشاور میں کمپیوٹر آپریٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہیں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام مسابقی عمل کے ذریعے 2024 میں معاون حج کے طور پر منتخب کیا گیا۔

حج مشن 2024 کے دوران درجہ حرارت 51.8 درجے تک پہنچ گیا تھا، جس کی وجہ سے عازمین حج کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایسے حالات میں معاونین روحانی جذبے سے سرشار غیر معمولی اور قابل ستائش خدمات پیش کرتے ہیں۔

یہ معاونین بنیادی طور پر پاکستانی عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوتے ہیں تاہم دوسرے ملکوں کے حجاج کو بھی رہنمائی اور مدد فراہم کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ جن حاجیوں کی آصف بشیر نے جان بچائی ان میں بھارتی حاجی بھی شامل تھے جس پر آصف بشیر کو بھارت کی جانب سے بھی تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا جس میں انہیں انڈیا کا سول ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔