فل کورٹ کے مطالبے کا مقصد کیس کو طول دیناہے، فل بینچ کی تشکیل چیف جسٹس کی صوابدید ہے، فواد چوہدری

فل کورٹ کے مطالبے کا مقصد کیس کو طول دیناہے، فل بینچ کی تشکیل چیف جسٹس کی صوابدید ہے، فواد چوہدری
سابق وزیر اطلاعات اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی حکمران اتحاد پر کڑی تنقید

، فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پی ڈی ایم جماعتوں کی حیران کن پریس کانفرنس تھی،فلم لندن نہیں جاوں گا کے تمام کردار پریس کانفرنس میں موجودتھے۔ ان تمام چہروں کو دیکھیں ان میں سے بیشتر نے 50،50ہزار ارب روپے کمائے ہیں۔

فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ ان سب پریس کانفرنس کرنے والوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں،کیونکہ یہ سب ملک سے فرار ہونے کی کوشش کریں گے۔ یہ چاہتے ہیں کہ عدلیہ اور فوج کو دباو میں لائیں، فل کورٹ کے مطالبے کا مقصد کیس کو طول دیناہے، فل بینچ کی تشکیل چیف جسٹس کی صوابدید ہے،باہر استدعا کرنا جائز نہیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ پنجاب حکومت کا بحران پورے پاکستان پر اثر انداز ہو رہا ہے،کیس کا فیصلہ جلداز جلد ہونا چاہیے،امید ہے عدالت دباو میں نہیں آئے گی۔

اتحادی حکومتی قائدین نے براہ راست عدلیہ پر حملہ کیا،جس گروہ نے پریس کانفرنس کی اس کیلئے سسلین مافیا کی ٹرم بیان کی گئی۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز ضمانت پر ہیں پھر بھی ایسی باتیں کررہی ہیں،بلاول بھٹو باتیں کررہے ہیں،سندھ میں بارش سے پورا کراچی سوئمنگ پول بن جاتا ہے،بلاول کو بتانا ہے کہ بینظیر بھٹو ساری عمر شریف برادران کے عتاب کا نشانہ رہی ۔ شیریں مزاری نے کہا کہ پی ڈی ایم والے ملک کا جو حشر کر رہے ہیں قوم کے سامنے ہیں،انہوں نے ملک کو برباد کر دیا،نیوٹرلز ابھی بھی ان کے پیچھے ہیں۔ فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ مریم صفدر کے جھوٹوں کی لمبی فہرست ہے،مریم صفدر ن لیگ کے فسادی ونگ کی صدر ہیں۔یہ چاہتے ہیں حمزہ شہباز جعلی وزیر اعلی بن کر بیٹھا رہے۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما چوہدری فواد حسین نے کہا تھا کہ ادارے اس گرداب میں اپنی قیادت کی غلطیوں کی وجہ پھنسے ہیں اگر وہ اپنی حدود میں رہتے تو کچھ نہیں تھا۔

اپنے ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکمت عملی اسے سیاست سے مکمل طور پر باہر کر دے گی لیکن اداروں کو نقصان پہنچے گا، ادارے اس گرداب میں اپنی قیادت کی غلطیوں کی وجہ پھنسے ہیں اگر وہ اپنی حدود میں رہتے تو کچھ نہیں تھا لیکن بہرحال اب اداروں کو نون لیگ نے ٹارگٹ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب نون لیگ کو لگا ہے کہ عمران خان کے خلاف اسٹیبلشمنٹ سے نتھی ہو کر بڑی غلطی ہوگئی، مریم نواز اب اینٹی اسٹیبلشمنٹ چورن بیچیں، عدلیہ کے خلاف بیانات شروع ہوگئے، فوج کے خلاف اگلے چند دنوں میں شروع ہو جائیں گے، اس اسکیم میں خامی یہ ہے کہ لوگ 1990ء والے اب نہیں ہیں اور مقابلہ بھی عمران خان سے ہے۔

چوہدری فواد حسین نے مزید کہا کہ سو پیاز اور سو چھتر کا محاورہ جس طرح نون لیگ پر صادق آتا ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہے، ن لیگ نے اسٹیبلشمنٹ کی کوکھ سے جنم لیا، آپس میں طے کیا کہ ایک بھائی پرواسٹیبلشمنٹ سیاست کرے گا اور دوسرا اینٹی اسٹیبلشمنٹ منجن بیچے گا، ایک کا منجن ناکام ہوا تو دوسرے کو آگے کردو، یہی فارمولا اگلی نسل میں ٹرانسفر کیا جا رہا ہے۔

https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1551092608713326593