اداروں نے خود کو نیوٹرل رکھا ہوا ہے: وزیراعظم عمران خان

اداروں نے خود کو نیوٹرل رکھا ہوا ہے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے اینکر پرسنز سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جیونیوز کے پروگرام نیا پاکستان کے میزبان شہزاد اقبال نے وزیراعظم سے ملاقات کےبعد جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بہت پر اعتماد ہیں کہ وہ تحریک عدم اعتماد کو شکست دیں گے۔

شہزاد اقبال کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ اتحادیوں اور منحرف ارکان سے رابطے میں ہیں، وہ عوامی مقبولیت کو دیکھ رہے ہیں اوروزیراعظم کا ماننا ہےکہ جب سے اپوزیشن عدم اعتماد لائی ہے تب سے ہماری مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے اور پی ٹی آئی کی دھرنے کے وقت جو مقبولیت تھی وہی مقبولیت اس وقت ہے۔

سینئر اینکر نے بتایا کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ دیکھیں گے جلسے میں کتنے لوگ آئیں گے، چاہے اتحادی ہوں، منحرف ارکان یا ادارے، سب حکومت کے ساتھ کھڑے ہوجائیں گے، بعض لوگوں کو خدشہ ہوگیا تھا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت کم ہورہی ہے لیکن گزشتہ دو ہفتے میں اس میں اضافہ ہوا ہے، 27 مارچ کوبڑا جلسہ ہوگا اس سے واضح ہوگا کہ پی ٹی آئی کتنی مقبول ہے، جسے لگتا ہے حکومت جانی چاہے تو وہ اپنا ذہن بدل لے۔

شہزاد اقبال کے مطابق وزیراعظم سمجھتے ہیں ادارے نیوٹرل ہیں، ان پر جو بھی ماضی میں تنقید ہوتی رہی، اب اداروں نے خود کو نیوٹرل رکھا ہوا ہے، آئینی و قانونی طور پر فوج ہمارے ساتھ ہے اور ہمیں کسی سپورٹ کی بھی ضرورت نہیں۔

شہزاد اقبال کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ انہیں لگتا ہے امپائر نیوٹرل ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ اپوزیشن کرپشن بچانے کے لیے اور خاص کر شہباز شریف کے کیسز کو لے کر یہ تحریک لائی ہے۔

سینئر اینکر پرسن کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کو کوئی غلط فہمی ہوگئی تھی کہ حال ہی میں جو تبدیلی ہوئی اس سے حکومت کی سپورٹ ختم ہوجائے گی اسی لیے اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائی۔

شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اس موقع پر اہم شخصیت کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی خبروں کی بھی تردید کی۔