برطانیہ کا نیا وزیر اعظم کون ہوگا؟

برطانیہ کا نیا وزیر اعظم کون ہوگا؟
برطانوی وزیراعظم نے بریگزیٹ ڈیل کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک کے باعث اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا، برطانوی وزیراعظم تھریسامے 7 جون کومستعفی ہوں گی جس کے بعد نئے وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کنزرویٹو پارٹی کے نئے سربراہ کے لیے امیدواروں کے درمیان دوڑ شروع ہوگئی ہے  جب کہ کنزرویٹو پارٹی کا نیا سربراہ برطانیہ کا آئندہ وزیراعظم بھی ہوگا۔ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے نیا سربراہ جولائی کے آخر تک چنے جانے کا امکان ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق نئے وزیراعظم کے لیے چار امیدواروں نے میدان میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے جن میں سیکریٹری خارجہ جیریمی ہنٹ، انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ سیکریٹری روری اسٹیورٹ، سابق سیکریٹری خارجہ بورس جونسن اور سابق ورک اینڈ پنشن سیکریٹری ایستھر مک وے شامل ہیں۔


اس کے علاوہ نئے وزیراعظم کے لیے دیگر ناموں پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے جن میں سر گراہم کا نام بھی شامل ہے جو 1922 کمیٹی کی صدارت سے بھی مستعفی ہوچکے ہیں۔ کئی برطانوی مصنفوں نے سابق بریگزٹ سیکریٹری ڈومینک راب اور مائیکل گوو کے سامنے بورس جونسن کو فیورٹ قرار دیاہے۔

اس سے قبل برطانوی وزیراعظم عہدے سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں، ان کا کہنا تھا کہ ملک کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز تھا، بریگزٹ پر عمل درآمد نہ کرانے کا افسوس ہے اور ہمیشہ رہے گا جب کہ میں نے استعفی بریگزیٹ پر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ڈیڈ لاک پر دیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون بھی یریگزیٹ کے ریفرنڈم کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔