''حکومت کے وزرا کو ایکسپوز کرنے پر عمران خان ناراض تھے اور میسجز آ رہے تھے''

''حکومت کے وزرا کو ایکسپوز کرنے پر عمران خان ناراض تھے اور میسجز آ رہے تھے''
آپ نیوز کی انتظامیہ نے معروف صحافی رؤف کلاسرا اور عامر متین کا پروگرام آپ کے مقابل کو کیوں بند کیا۔ رؤف کلاسرا نے خاموشی توڑ دی۔ ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے پروگرام بند ہونے کی وجہ واضح الفاظ میں بتا دی۔

چند دن پہلے آپ نیوزکی انتظامیہ نے  معروف صحافی رﺅف کلاسرا اور عامر متین کا پروگرام اچانک بند کردیا تھا، رؤف کلاسرا نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے مداحوں کو انتظامیہ کے ہنگامی فیصلے سے آگاہ کیا تھا اور لکھا تھا کہ  آپ نیوز انتظامیہ نے ہمیں باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ ہمارا پروگرام ’آپ کے مقابل‘ فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور آج رات کوئی شو نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: رؤف کلاسرا اور عامر متین کا پروگرام اچانک بند

رؤف کلاسرا نے اپنی ٹویٹ میں اپنے ناظرین کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ تاہم پروگرام کے اینکرز اور چینل کی انتظامیہ کی جانب سے پروگرام بند ہونے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی تھی۔

تاہم، اب پروگرام آپ کے مقابل بند ہونے پر رؤف کلاسرا نے خاموشی توڑ دی ہے اور واضح الفاظ میں یہ کہا ہے کہ حکومت کے وزرا کو ایکسپوز کرنے پر عمران خان ناراض تھے اور میسجز آ رہے تھے۔



رؤف کلاسرا نے ایک ریٹائرڈ فوجی افسر کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ریٹائرڈ میجر صاحب آپ کی اطلاع غلط ہے۔ حکومت کے وزرا اور کرپٹ ایلیٹ کو ایکسپوز کرنے پر عمران خان ناراض تھے اور میسجز آ رہے تھے۔ انتظامیہ دبائو میں تھی۔ اگست تک سب کی تنخواہیں کلیر ہیں۔ اس لیے جھوٹ نہ پھیلائیں۔ عامر اور میں نے زیادہ پیسوں کی جاب چھوڑ کر ہمیشہ آزادی کو ترجیح دی ہے۔

یاد رہے کہ رؤف کلاسرا اور عامر متین کا پروگرام بند ہونے پر پہلے بھی سوشل میڈیا صارفین ایسے ہی خدشات کا اظہار کر رہے تھے۔ جن کی تصدیق رؤف کلاسرا نے اپنی ٹویٹ میں کر دی ہے۔