سال ڈیڑھ سال قبل تک بہت سے معاشی ماہرین کہہ رہے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے گا اور ہمارا حال سری لنکا والا ہو گا مگر پچھلی حکومت اور نگران حکومت نے بہت سے سخت فیصلے کیے جن کی وجہ سے آج ہماری معیشت قدرے مستحکم ہو چکی ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری ایسا نہیں کہ فوری طور پر آ جائے گی اور حالات بدل جائیں گے۔ سرمایہ کاری پر آج سے کام شروع ہو جائے تب بھی اسے آتے آتے ایک سال لگ جائے گا۔ یہ کہنا ہے سویل حسین کا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا کرنٹ اکاونٹ خسارہ جو 19 ارب تک پہنچ گیا تھا اس مالی سال میں وہ شاید ایک ارب یا اس سے بھی کم ہو۔ برآمدات پچھلے سال سے تھوڑی سی بڑھی ہیں، لیکن پچھلے 6 ماہ سے ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ گرتی جا رہی ہے۔ مہنگائی کی شرح میں بھی کچھ کمی آئی ہے۔ ہم معیشت کو مضبوط کر سکتے ہیں اگر برآمدات سے متعلق واضح پالیسی بنا لیں، حکومتی خسارہ کم کریں، مہنگائی میں کمی لائیں، اداروں کی شفاف نجکاری کو یقینی بنائیں اور این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کریں۔
میزبان رضا رومی نے کہا کہ مریم نواز کا یہ اعلان خوش آئند ہے کہ پولیس میں 50 فیصد خواتین بھرتی کی جائیں گی۔ اس اقدام کو زیربحث لانے کے بجائے نان ایشوز پر بات شروع ہو جاتی ہے کہ انہوں نے پولیس کی وردی کیوں پہنی۔ سوشل میڈیا پر ایسی باتیں محض اصل اقدام سے توجہ ہٹانے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔
پروگرام 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔