2 سو کروڑ کما کر 'دی لیجینڈ آف مولا جٹ' کامیاب ترین پاکستانی فلم بن گئی

2 سو کروڑ کما کر 'دی لیجینڈ آف مولا جٹ' کامیاب ترین پاکستانی فلم بن گئی
ہدایت کار بلال لاشاری کی پنجابی فلم ' دی لیجینڈ آف مولا جٹ' نے باکس آفس پر اب تک 2 سو کروڑ روپے کما لیے ہیں۔ ' دی لیجینڈ آف مولا جٹ' یہ اعزازحاصل کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔

بلال لاشاری نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر فلم کی اب تک کی آمدنی کے بارے میں تفصیل درج کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایک دفعہ پھر سے ان احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے فلم کو دیکھا اور پسند کیا۔

فلم اب تک پاکستانی باکس آفس سے 80 کروڑ جبکہ بیرون ملک کے سنیماؤں سے 120 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ ' دی لیجینڈ آف مولا جٹ' پہلی پنجابی اور پاکستانی فلم بن گئی ہے جس نے پوری دنیا کے سنیماؤں سے اب تک 2 سو کروڑ روپے کمائے ہیں۔

ریکارڈ بزنس کرنے کے ساتھ ساتھ فلم نے کئی دیگر اعزاز بھی اپنے نام کئے ہیں۔ فلم برطانیہ میں سال 2022 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ ناروے میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی جنوبی ایشیائی فلم ہے۔

یاد رہے کہ ' دی لیجینڈ آف مولا جٹ' پاکستان کی 1979 کی پنجابی کلاسیک فلم 'مولا جٹ' کا ری میک ہے جس کے ہدایت کار یونس ملک تھے جبکہ مرکزی کرداروں میں سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی جلوہ گر ہوئے تھے۔