Get Alerts

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا پاکستان واپس آنے کا اعلان

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا پاکستان واپس آنے کا اعلان
سابق وزیراعظم نواز شریف نے ضمانت منسوخی پر ملک واپسی کی تیاریاں کیے جانے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ضمانت منسوخ کیے جانے کے بعد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی بیماری کو سیاست کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، اسی لیے انہوں نے ہدایت کر دی ہے کہ ان کی پاکستان واپسی کے انتظامات کیے جائیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کیلئے ائیرایمبولینس کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ ممکنہ طور پر ان کے ہمراہ غیر ملکی ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ بھی پاکستان آ سکتا ہے۔ تاہم ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی کس تاریخ کو ہو گی۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے معاملے پر پنجاب حکومت نے نواز شریف کے خلاف کارروائی کیلئے وفاق کو خط لکھ دیا۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ نواز شریف کیخلاف متعلقہ عدالت اور ٹرائل کورٹ میں وفاق جائے گا، وفاق کو مراسلہ بھجوا دیا، کارروائی کیلئے وہ اقدام کریں گے۔

یاد رہے گذشتہ وز پنجاب کابینہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت میں توسیع دینے کی درخواست مسترد کی تھی۔ حکومت کا کہنا تھا کہ ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد نواز شریف مفرور ڈکلیئر ہو چکے ہیں وہ واپس نہ آئے تو انہیں اشتہاری قرار دیا جائے گا۔