دنیا کی سب سے بڑی آڈیو سٹریمنگ میوزک ویب سائٹ سپاٹی فائے کی پاکستان میں سروس کو ایک سال ہو گیا ہے۔ لیکن کیا آپ کو علم ہے کہ سپاٹی فائے پاکستان نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا میں پاکستانی میوزک سنے جانے میں تھوڑا بہت نہیں بلکہ پورے 223 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مگر سوال یہ ہیں کہ وہ کون سے سنگرز ہیں جنہیں سپاٹی فائے پر عالمی سطح پر سب سے زیادہ سنا گیا؟ اِس ایک سال میں کُل کتنے گانے سپاٹی فائے پر شیئر کئے گئے؟ انٹرنیشنل سامعین نے سب سے زیادہ کس قسم کے پاکستانی میوزک کو پسند کیا؟ کیا انٹرنیشنل لیول پر پاکستانی فوک میوزک کی مانگ بھی بڑھی یا نہیں؟ اگر ہاں، تو کتنی؟
آئیں اب ان تمام سوالوں کے جواب جانتے ہیں۔ سپاٹی فائے نے 25 فروری 2021 کو پاکستان میں اپنی سروس شروع کی تھی۔ اس ایک سال کو سپاٹی فائے نے شاندار اور دلفریب قرار دیا ہے۔
تب سے اب تک اس پر بہت ڈھیر سارے سنگرز اور کمپوزرز نے اپنا میوزک متعارف کرایا ہے۔ گانوں کی تعداد کی بات کی جائے تو وہ بھی ہزاروں میں ہے یعنی 19 ہزار 590 گانے۔
صرف ایک سال میں اتنا سارا میوزک کوئی آسان بات ہے اور نہ ہی معمولی۔ انٹرنیشنل لیول پر مجموعی طور پر تو پاکستانی میوزک سنے جانے میں 223 فیصد اضافہ ہوا ہی ہے لیکن اگر امریکا، کینیڈا، برطانیہ اور جرمنی کی بات کی جائے تو پاکستانی موسیقی کو سننے والوں کی تعداد 23 فیصد بڑھی ہے۔
سپاٹی فائے کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کے فوک میوزک کی مانگ میں بھی حیران کن 150 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ امریکا کی بات کریں تو وہاں پاکستانی فوک میوزک کو سنے جانے میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سپاٹی فائے کا کہنا ہے کہ پاکستانی ہپ ہاپ میوزک کو سنے جانے میں بھی اچھا خاصا اضافہ دیکھا گیا ہے بلکہ لوکل ہپ ہاپ میوزک کو سب سے زیادہ سنا ہی پاکستان سے باہر گیا ہے۔
اس کے علاوہ سپاٹی فائے نے سب سے زیادہ سنے جانے والے سنگرز کی لسٹ بھی جاری کی ہے۔ اس لسٹ میں پہلے نمبر پر عاطف اسلم رہے، جنہیں ملک سے باہر سب سے زیادہ سنا گیا۔
صرف اتنا ہی نہیں بلکہ رپورٹ کے مطابق عاطف اسلم کے گانے ’کدی تے ہنس بول، جینا جینا اور تیرے سنگ یارا‘ سپاٹی فائے پر سب سے زیادہ سنے جانے والے گانوں میں بھی شامل ہیں۔
دوسرے نمبر کی بات کریں تو اس پر ہیں راحت فتح علی خان۔ تیسرے نمبر پر راحت فتح علی خاں کے استاد، چچا اور عظیم گائیک استاد نصرت فتح علی خاں ہیں۔ چوتھے نمبر پر مومنہ مستحسن ہیں جبکہ بلال سعید پانچویں نمبر پر رہے۔