پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنما اور وفاقی وزیر پرویز خٹک کے بھائی اور بھتیجے نے پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خان خٹک اور ان کے بیٹے احد خان خٹک نے پاکستان تحریکِ انصاف کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ جنگ اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق لیاقت خان خٹک اور ان کے بیٹے احد خان خٹک نے اپنے آبائی گاؤں مانکی شریف میں اہم اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔
ذرائع کے مطابق لیاقت خٹک جلد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ پرویز خٹک کے بھتیجے احد خٹک نے چند روز قبل سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صحافی و تجزیہ کار چوہدری غلام حسین نے پرویز خٹک کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرویز خٹک کا دعویٰ ہے کہ خیبرپختونخواہ میں کبھی کوئی دوسری مرتبہ اقتدار میں نہیں آیا۔ میں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے خیبرپختونخواہ میں جو کارکردگی دکھائی اُس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف 2018ء کے عام انتخابات میں خیبرپختونخواہ میں دوسری مرتبہ نہ صرف کامیاب ہوئی بلکہ مرکز میں بھی خیبرپختونخواہ کی وجہ سے ہی وفاق میں حکومت بنی۔
انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کا ماننا ہے کہ جو اُن کی سیاسی قابلیت تھی اور جس طرح انہوں نے نتائج دئے تھے اسی طرح مجھ سے کام لیا جاتا ۔
صحافی نے مزید کہا کہ پرویز خٹک اراکین اسمبلی اور اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شریک ہوتے ہیں اور ایسے ہی ایک کھانے میں پرویز خٹک نے کہا کہ ہماری روایات اور رواج نہیں ہیں کہ جن کو کمزور دیکھیں تو اُن کو چُھرا گھونپیں لہٰذا میں چاہتا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان مجھے خود فارغ کر دیں اور پارٹی سے نکال دیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیردفاع پرویز خٹک کی قیادت میں خیبرپختونخوا کے 22 ارکان کا نیا گروپ بھی سامنے آیا تھا۔ پرویز خٹک کی قیادت میں بننے والے نئے گروپ نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان نے نئے گروپ کو اپنے چیمبر میں طلب کیا اور مطالبات کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
چیمبر میں وزیراعظم عمران خان نے گروپ کے مطالبات پر اسد عمر، حماد اظہر، عمر ایوب اور عامر ڈوگر کو بھی فوری طلب کیا اور خیبرپختونخواہ گروپ کے مطالبات کو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کروائی،جس کے بعد وزیر دفاع رویز خٹک گروپ نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔