عام فکری مغالطے؛ یہ کہ تصوف مذہب کا جزو ہے (I)

فیثاغورسی اور نو اشراقی افکار کی اشاعت کے باعث مذہب اسلام سیکڑوں فرقوں میں منقسم ہو گیا اور نسخ ارواح، سریان، امتزاج، تجسیم، حلول اور اوتار کے نو اشراقی آریائی افکار اسلامی تعلیمات میں نفوذ کر گئے۔ مسلمانوں کے فلسفے اور علم کلام کی طرح تصوف بھی انہی افکار کی اشاعت سے صورت پذیر ہوا تھا۔

عام فکری مغالطے؛ یہ کہ تصوف مذہب کا جزو ہے (I)

لفظ صوفی صوف (اونی کھادی) سے مشتق ہے۔ ابتدائی دور کے زُہاد جو دوسری صدی ہجری کے لگ بھگ خراسان، مصر اور عراق میں نمودار ہونے لگے تھے، صوفی کہلاتے تھے کیونکہ وہ صوف یا اونی کھادی کا لباس پہنتے تھے۔

ابن خلدون، شہاب الدین سہروردی اور سید علی ہجویری کا یہی خیال ہے جس کی تائید نولدکہ نے کی ہے۔ ابوریحان البیرونی لکھتا ہے کہ صوفی کا لفظ یونانی لفظ سوف (بمعنی دانش) سے مشتق ہے اور اس کا معنی دانش مند کا ہے، لیکن یہ خیال قرینِ صحت نہیں ہے۔

قدیم زمانے میں تصوف کو سِرِیَت (Mysticism) یا باطنیت (Esotericism) کے نام دیے گئے تھے۔ سِریت کہنے کی وجہ یہ تھی کہ اس کے ساتھ پُر اسرار خفیہ رسوم کی ادائیگی وابستہ تھی۔ قدیم مصر اور یونان میں بعض لوگوں نے خفیہ حلقے بنا رکھے تھے جو عوام کی نظروں سے چھپ کر ایسی رسوم ادا کرتے تھے جن کا مقصد حصولِ بقا ہوتا تھا۔

تاریخ میں یونانیوں کے الیسینی اسرار اور عارفی مت کا ذکر آیا ہے کہ دایونیسیس دیوتا اور دمتیر دیوی کی پرستش خاص طریقوں سے کی جائے تو انسان موت کے بعد بھی زندہ رہ سکتا ہے۔ جیسے دانہ گندم زمین میں بویا جائے تو آکھوا پھوٹ نکلتا ہے۔ روح کی بقا کے لیے جو رسمیں ادا کی جاتی تھیں، وہ آج تک پردہ خفا میں ہیں کہ ان کا ظاہر کرنا حلفاً ممنوع تھا۔ ان اسرار کی تعلیم صرف خواص کو چھپ کر دی جاتی تھی۔

فیثاغورس کے شاگرد دو جماعتوں میں منقسم تھے: اہلِ ظاہر یا (Exoteric) جنہیں ظاہری علوم پڑھائے جاتے تھے اور اہلِ باطن یا (Esoteric) جنہیں باطنی علوم کی تعلیم دی جاتی تھی۔ لفظ باطنیت مؤخر الذکر ہی سے یادگار ہے۔ یہی حال قدیم ہندو ویدانتوں کا تھا۔ اُپنشد کا لغوی معنی ہے قریب بیٹھنا۔ یعنی گُرو خاص چیلوں کو اپنے پاس بٹھا کر باطنی اسرار سکھایا کرتے تھے۔

سِریت یا باطنیت کا آغاز مذہب، سائنس اور فنونِ لطیفہ کی ابتدا کی طرح صبحِ تاریخ کے دھندلکوں میں چھپا ہوا ہے۔ اتنا یقینی ہے کہ مذہب کی طرح سریت بھی روح کے قدیم تصور کی پیداوار ہے۔

غاروں کے عہد کا انسان نیند کی حالت میں دیکھتا کہ وہ دور دراز کے جنگلوں میں گھوم پھر رہا ہے یا مرے ہوئے عزیزوں سے ملاقات کر رہا ہے، لیکن جاگنے پر دیکھتا کہ وہ تو اپنے غار میں لیٹا ہوا تھا۔ بار بار کے مشاہدے سے اس کے ذہن میں یہ بات راسخ ہو گئی کہ اس کے اندرون میں کوئی شے ایسی بھی ہے جو جسم کو چھوڑ کر چلی جاتی ہے اور پھر واپس آ کر اس میں داخل ہو جاتی ہے۔ اسی شے کو بعد میں روح یا آتما کا نام دیا گیا۔

یہ دور انتسابِ ارواح (Animism) کا تھا۔ انسان نے اپنے علاوہ سورج، چاند، ستاروں، جانوروں، درختوں، چٹانوں وغیرہ کو بھی ارواح منسوب کر دیں۔ شدہ شدہ یہ خیال پیدا ہوا کہ انسان کی روح موت کے بعد درختوں یا جانوروں میں چلی جاتی ہے۔ یہی آواگون یا سنسار چکر کا اساسی تصور ہے جو تمام قدیم اقوام میں پایا جاتا تھا۔

ہیروڈوٹس کے بقول نسخِ ارواح کا یہ عقیدہ مصر قدیم سے دوسری اقوام نے اخذ کیا تھا۔ مصری نعش کو ممّی کی صورت میں محفوظ رکھتے تھے تاکہ مردے کی روح جانوروں، پودوں وغیرہ کا چکر لگا کر واپس اپنے جسم میں آئے تو اسے صحیح سلامت پائے۔ قدیم یونانی اور ہندی بھی نسخِ ارواح کو مانتے تھے۔

بزرگوں کی ارواح اور اجرامِ سماوی کی پوجا نے ان کے مذہب کو جنم دیا۔ جس کا بنیادی عقیدہ یہ تھا کہ کائنات میں ایسی عظیم ہستیاں موجود ہیں جو نوع انسان کے مقدر پر متصرف ہیں۔ ان کی تالیف قلب کو ضروری سمجھا جاتا تھا۔ فریزر کہتا ہے:

"مذہب ان فوق الطبع قوتوں کی تالیف قلب کا نام ہے جو اہلِ مذہب کے خیال میں انسانی زندگی پر متصرف ہیں"۔

ٹیلر کے خیال میں: "مذہب فوق الطبع قوتوں پر اعتقاد کا نام ہے"۔

چنانچہ ان فوق الطبع ہستیوں کے استرضا کے لیے پوجا کی رسمیں وضع کی گئیں۔ ان کے لیے عظیم ہیکل تعمیر کئے گئے۔ ان کی مورتیوں کو قیمتی لباس پہنائے گئے اور ہیرے جواہرات سے مرصع کیا گیا۔ انہیں عطریات میں غسل دینے لگے۔ ان کے معبدوں کو بخور کی لپٹوں میں بسایا گیا۔ ان کی قربان گاہوں میں جانور اور انسان بھینٹ چڑھائے جاتے تھے اور ان کی تفریح کے لیے جادور نگاہ عورتیں صبح و شام رقص کرتی تھیں۔ ان رسوم کی ظاہری ادائیگی کو نیکی اور نجات کا موجب سمجھا جاتا تھا۔

ایک گروہ ایسے لوگوں کا تھا جو ظاہری رسومِ عبادت کو چنداں اہم نہیں سمجھتے تھے اور روح کو مادی جسم کی قید سے نجات دلانے کی فکر میں رہتے تھے۔ اس مقصد کے لیے وہ ریاضت اور نفس کشی کو بروئے کار لاتے تھے۔ انہی لوگوں کو اہلِ باطن یا سریت پسندوں کا پیش رو سمجھا جا سکتا ہے۔

جب ہم قدماء یونان یا اپنشدوں کے مؤلفین تک پہنچتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ باطنیت فلسفے میں بھی سرایت کر چکی تھی۔

ویدانت اور فیثاغورسیت، دونوں کا اساسی عقیدہ یہ ہے کہ عالم مادی جسے ہم حسیات سے ادراک کرتے ہیں غیر حقیقی ہے، فریبِ نگاہ ہے، مایا ہے، روح کا زنداں ہے۔ حقیقی عالم اس سے ماوراء ہے۔ اس کا ادراک حواس سے نہیں بلکہ اس باطنی قوت سے ہو سکتا ہے جو مجاہدۂ نفس سے قلبِ انسان میں پیدا ہوتی ہے۔ اس باطنی قوت کو وجدان اور اشراق کے نام دیے گئے اور اسے کشف و انشراح کا مبداء سمجھا جانے لگا۔

قدیم باطنیت یا عرفان کی دو مشہور روایات ہیں: یونانی اشراق اور ہندی ویدانت۔ ان کے تاریخی جائزے سے سریت یا تصوف کے وہ خدوخال واضح ہو جاتے ہیں جو شروع سے ہی اسے رواجی مذہب سے ممتاز کرتے رہے ہیں اور جن سے اعتنا نہ کرنے کے باعث یہ غلط فہمی عام ہو گئی ہے کہ تصوف مذہب کا جزوِ محض ہے۔

یونانی اشراق کا آغاز باضابطہ طور پر فیثاغورس (440–500 ق م) سے ہوا جو عارفی مت کا ایک مصلح تھا۔ عارفی مت کا تعلق شراب اور سرور کے دیوتا دایونیسیس سے تھا جس کے پجاری شراب پی کر عالم کیف و مستی میں رقص کرتے ہوئے جلوس نکالتے تھے۔ ان کا عقیدہ تھا کہ اس حالت وجد و حال میں دیوتا ان کے اندر حلول کر جاتا ہے۔ اس مت کی ترویج اور اشاعت میں تھریس کے مُغنّی عارفیوس کا بڑا ہاتھ تھا۔

عارفیوس اور اس کے پیرو زندگی کو دکھ اور دنیا کو روح کا زنداں خیال کرتے تھے۔ ان کا عقیدہ تھا کہ انسانی روح پیدا ہوتے ہی جنم چکر میں گرفتار ہو جاتی ہے۔ اس چکر سے نجات پانے کے لیے تعمّق اور وارفتگی کو بروئے کار لانا ضروری ہے۔

فیثاغورس نے عارفیوس کی تعلیمات کو مرتب کیا اور ایک تعلیمی انجمن کی بنیاد رکھی۔ وہ نسخِ رواح کا قائل تھا اور دعویٰ کرتا تھا کہ اسے اپنے گذشتہ جنموں کے واقعات یاد ہیں۔ ایک دن فیثاغورس نے دیکھا کہ ایک شخص اپنے کتے کو بے دردی سے پیٹ رہا ہے اور کتا بری طرح چیخ رہا ہے۔ فیثاغورس نے اُسے کتے کو مارنے سے منع کیا اور کہا اس کی چیخوں میں مَیں نے اپنے ایک مرے ہوئے دوست کی آواز پہچان لی ہے۔

فیثاغورس عقلیت اور عرفان کا جامع سمجھا جاتا ہے۔ وہ کہتا تھا کہ فلسفیانہ تدبر اور عارفانہ وجد و حال سے انسانی روح مادے کی بندشوں سے آزاد ہو جاتی ہے اور انسان جنم چکر سے نجات پا لیتا ہے۔ فیثاغورس کا اعداد کا نظریہ بھی تاریخِ فلسفہ و تصوف میں خاصا اہم ہے۔ وہ عدد کو تمام وجود کی اصل مانتا ہے اور کہتا ہے کہ کائنات میں جو کچھ بھی توافق و تناسب دکھائی دیتا ہے انہی اعداد کی بدولت ہے۔ بعد میں افلاطون نے ان اعداد کو امثال کا نام دیا اور اخوان الصفا نے اعداد کا ایک مستقل فلسفہ مرتب کر دیا۔

اس ضمن میں فیثاغورس کے ایک شاگرد پارمی نائدیس الیاطی کا ذکر بھی ضروری ہے۔ اس نے وجود واحد کا نظریہ پیش کیا تھا۔ وہ کہتا ہے کہ وجود یا 'ایک' ہی حقیقتِ کبریٰ ہے جو تمام کائنات کو محیط ہے۔ یہی خیال بعد میں وحدتِ وجود کے نام سے موسوم ہوا۔ پارمی نائدیس کے خیال میں کائنات خدا ہے، زندہ فطرت ہے اور غیر متغیر ہے۔ کثرت فریبِ ادراک ہے۔

زینو الیاطی نے منطقی استدلال سے ثابت کرنے کی کوشش کی کہ اشیاء کی حرکت ناممکن ہے اور کثرت غیر حقیقی ہے۔ ایمپی دکلیس (435–495 ق م) فیثاغورس کی طرح جنم چکر اور نسخ ارواح کا قائل تھا۔ وہ کہتا تھا کہ موت کے بعد انسانوں کی روحیں حیوانات اور نباتات میں چلی جاتی ہیں۔ اسی عہد میں ہیریقلیتس اور اناکساغورس نے Nous اور Logos یا 'آفاقی ذہن' کے وہ تصورات پیش کیے جو بعد میں مسیحی عرفان اور مسلمانوں کے تصوف میں داخل ہو گئے۔ ان کا ذکر آئندہ اوراق میں تفصیل سے آئے گا۔

یونان کا مشہور فلسفی افلاطون جہاں عقلیت پرستوں اور مثالیت پسندوں کا امام سمجھا جاتا ہے، وہاں سِریت پسندوں اور اہلِ باطن کا مرشد بھی مانا گیا ہے۔ اس کے فلسفے میں فیثاغورس کی باطنیت، الباطی فلاسفہ کی عقلیت اور جدلیت اور سقراط کی اعلیٰ قدروں کی ازلیت کا لطیف امتزاج ہوا ہے۔ اس کے امثال (Ideas) عالم حقیقی سے تعلق رکھتے ہیں۔ عالم مادی سے ماوراء ہیں، ازلی و ابدی ہیں۔ عالم مادی کی تمام اشیاء ان کے عکس ہیں۔ ان امثال کا ادراک صرف عقل استدلالی سے ہی ممکن ہو سکتا ہے۔ عالم حواس غیر حقیقی ہے۔ مادہ ناقص ہے۔

جب امثال مادے میں منعکس ہوتے ہیں تو وہ مسخ ہو جاتے ہیں۔ یہیں سے افلاطون کی باطنیت کی ابتدا ہوتی ہے۔ وہ فیثاغورسیوں کی طرح کہتا ہے کہ ارواح عالمِ مادی میں آنے سے پہلے اپنے اپنے ستاروں میں مقیم تھیں۔ ان پر مادی عالم کی کشش غالب آئی تو انہوں نے جسم کی قید قبول کر لی۔ ارواح اس قید سے رہائی پا کر دوبارہ اپنے مسکن کو لوٹ جانے کے لیے مضطرب رہتی ہیں۔

افلاطون عارفیوں کی طرح نسخ ارواح کا قائل ہے اور کہتا ہے کہ موت کے بعد نیک یا بد اعمال کی رعایت سے انسانی روح نئے قالب میں جاتی ہے۔ مثلاً احمق کی روح مچھلی کے قالب میں جاتی ہے اور بدی کرنے والے کی روح عورت کا روپ دھار لیتی ہے۔ افلاطون دو قسم کی روحوں کا ذکر کرتا ہے؛ ایک موت کے بعد فنا ہو جاتی ہے، دوسری باقی رہتی ہے۔

غار کی مشہور تمثیل میں اس نے یہ خیال پیش کیا ہے کہ عالم مادی یا سایوں کا عالم غیر حقیقی ہے اور نظر کا فریب ہے۔ وہ کہتا ہے ایک غار ہے جس میں چند قیدی اس طرح جکڑے ہوئے بٹھائے گئے ہیں کہ وہ اپنے دائیں بائیں یا پیچھے کی طرف نہیں دیکھ سکتے۔ ان کی پشت پر ایک راستہ ہے جس کے پیچھے آگ کا الاؤ روشن ہے۔ اس راستے پر جو لوگ گزر رہے ہیں، غار میں بیٹھے ہوئے قیدی ان کے عکس اپنے سامنے کی دیوار پر دیکھ رہے ہیں۔ یہ قیدی صرف عکس ہی دیکھ سکتے ہیں اس لیے گزرنے والوں کی حقیقت سے ناواقف رہتے ہیں۔ اس تمثیل سے افلاطون یہ بات واضح کرنا چاہتا ہے کہ مادی دنیا کے رہنے والے صرف سائے یا عکس ہی دیکھنے پر قادر ہیں۔ اس لیے امثال کی حقیقت سے واقف نہیں ہو سکتے۔ یہ تمثیل ویدانتوں کے مایا کے تصور کی یاد دلاتی ہے۔

ایک مکالمے 'ایراس' میں افلاطون نے عشق حقیقی کا وہ نظریہ پیش کیا ہے جس کے اثرات بعد کے مسیحی اور مسلمان صوفیوں پر بڑے گہرے ہوئے۔ وہ کہتا ہے کہ روزِ ازل سے عشق کا تعلق حسنِ ازل سے رہا ہے۔ جب کوئی شخص اس دنیا میں کسی حسین آدمی کو دیکھتا ہے تو معاً اس کے ذہن میں حسنِ ازل کی یاد تازہ ہو جاتی ہے کہ اس آدمی کا حسن، حسنِ ازل کا ہی عکس ہے۔ اس یاد سے حسن کا مشاہدہ کرنے والے پر وجد و حال کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ ارسطو نے عالمانہ رنگ میں یہی بات کہی ہے۔ وہ کہتا ہے کہ کائنات کی تمام اشیاء محرک غیر متحرک کی طرف کھنچی چلی جاتی ہیں۔ اس بے پناہ ہمہ گیر کشش و حرکت کے باعث کائنات کا کارخانہ قائم ہے۔

افلاطون کا عرفانی نظریہ سکونی ہے۔ اس میں انسانی جدو جہد یا تگ و دو کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ جب امثال کو ازلی و ابدی مان لیا جائے اور کائنات کی اشیاء کو ان کے بے جان عکس یا سائے کہا جائے تو عالم مادی یا سایوں کی دنیا کو سنوارنے یا بہتر بنانے کی تحریک کیسے ہو سکتی ہے؟ افلاطون کے خیال میں انسانی کوششوں کا مقصود محض یہ ہے کہ تفکر و تعمق یا وجد و حال کو بروئے کار لا کر روح کو جسم کے زنداں سے نجات دلائی جائے۔

فلپ، شاہِ مقدونیہ، نے یونانی ریاستوں کی متحدہ فوجوں کو شکست فاش دے کر یونان کی آزادی و خود مختاری کا خاتمہ کر دیا اور اس کے ساتھ یونانی فلسفے میں اجتہادِ فکر کا بھی خاتمہ ہو گیا۔ رومیوں کے دورِ تسلط میں رواقیت کی اشاعت ہوئی جس کا بانی زینو تھا۔ رواقی فلاسفہ میں مارکس آریلیس، سنیکا اور ایپک ٹیٹس قابل ذکر ہیں۔

رواقیئین مادیت پسند تھے۔ ان کے خیال میں کوئی غیر مادی شے موجود نہیں ہو سکتی اور علم صرف حسیات کے واسطے سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ وہ خدا اور روح کو بھی مادی ہی تصور کرتے ہیں اور وحدت وجود کے قائل ہیں۔ وہ کائنات کو جسم اور خدا کو روح مانتے ہیں۔ خدا کو کائنات سے الگ اور کائنات کو خدا سے الگ تسلیم نہیں کرتے۔ کائنات کو خدا کہہ کر انہوں نے ہمہ اوست یا وحدتِ وجود کے جس نظریے کی اشاعت کی وہ بعد میں صوفیا کی الٰہیات کا سنگ بنیاد ثابت ہوا۔ رواقیئین نے کائنات کو خدا کہہ کر فلسفے کو مذہب سے قریب تر کر دیا تھا۔

اسکندریہ کے نواشراقی فلسفی Plotinus یا فلاطینوس (عرب اسے افلاطونِ الٰہی یا فلاطن کہتے تھے) نے افلاطون کے اشراقی افکار و عقائد کی ترجمانی فیثاغورسی باطنیت کے رنگ میں کی جس سے نواشراقیت یا نوفلاطونیت کا مکتب فکر معرض وجود میں آیا۔ نواشراقیت کو عیسائیت کی روز افزوں مقبولیت اور اشاعت کے خلاف فلاسفۂ یونان کی آخری اضطراری کوشش کہا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ فلسفہ نو فلاطونیت جس نے یہودی، مسیحی اور مسلم نظریات بدل ڈالے (I)

فلاطینوس کے پیش رو فلو یہودی نے لوگس (لغوی معنی کلمہ، لفظ، نثر)، یا آفاقی ذہن، کو خدا اور کائنات کے درمیان ضروری واسطہ قرار دیا تھا جو کائنات کی تکوین اور نوعِ انسان کی تخلیق کا باعث ہوا۔ یہی تصور بعد میں عیسائی الٰہیات میں کلمہ یا جنابِ مسیح، اور ابنِ عربی کے افکار میں حقیقتِ محمدیہ کی صورت میں نمودار ہوا۔

بہر حال فلو یہودی استغراق اور مراقبے کی دعوت دیتا تھا اور فیثاغورسیوں کی طرح مادے کو شر کا مبداء خیال کرتا تھا۔ فلاطینوس کا دوسرا اہم پیش رو سکندر افردویسی تھا جو 198ء تا 211ء ایتھنز میں فلسفہ کا درس دیتا رہا۔ سکندر افردویسی نے ارسطو کے افکار کو مذہب کا جامہ پہنانے کی کوشش کرتے ہوئے عین العیون کو خدا کا نام دیا۔

فلاطینوس کی نواشراقیت کی تدوین سے پہلے سِرِیَت اور باطنیت کے جو افکار و عقائد دنیائے علم میں رواج پا چکے تھے ان کی تلخیص درج ذیل ہے۔

1۔ انسان کی روح مادے کی قید میں گرفتار ہے۔ انسانی کوشش کا مقصد واحد یہ ہے کہ اسے اس زنداں سے نجات دلائی جائے۔ اس مقصد کے لیے ترکِ علائق، زاویہ نشینی، استغراق اور نفس کشی ضروری ہے۔

2۔ مادہ شر کا مبداء ہے اس لیے مادی دنیا سے گریز لازم ہے۔

3۔ زندگی دکھ ہے۔ اس دکھ کا باعث جنم چکر ہے جس میں انسان پیدا ہوتے ہی گرفتار ہو جاتا ہے۔

4۔ مادی عالم غیر حقیقی ہے، فریبِ ادراک ہے، عقل و خرد اس کی کنہ کو نہیں پا سکتی۔ اس کے ادراک کے لیے نورِ باطن یا اشراق کی ضرورت ہے۔ جو حالت سکر و وارفتگی میں میسر آتا ہے۔

5۔ کائنات کی تمام اشیاء حسنِ مطلق یا حسنِ ازل کی طرف حرکت کر رہی ہیں۔ عشق یہی حرکت یا کشش ہے۔ حسن جہاں کہیں بھی ہو حسنِ ازل کا پرتو ہے اور عشق کا متقاضی ہے۔

6۔ کائنات میں ہر کہیں آفاقی ذہن کارفرما ہے جو کائنات کے توافق کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ آتشی یا مادی ہے۔

7۔ 'وجود' یا 'ایک' ہی حقیقتِ کبریٰ ہے۔ اس کے علاوہ کچھ موجود نہیں ہے۔

8۔ کائنات ہی خدا ہے۔ خدا اور کائنات ایک دوسرے سے علیحدہ نہیں ہیں۔

نواشراقیت میں سریت، فیثاغورسیت، عارفیت اور افلاطون کے افکار کا امتزاج ہوا ہے۔ فلاطینوس نے افلاطون کی عقلیت سے قطع نظر کر لی اور اس کے مکالموں قید و جمہوریہ اور سمپوزیم سے فیثاغورسی باطنیت، کشف و شہود اور عشق کے نظریات اخذ کر کے نئے سرے سے ان کی ترجمانی کی۔

افلاطون نے کہا تھا کہ خیرِ محض یا حسنِ ازل یا ذاتِ احد (اس کے ہاں یہ سب مترادفات ہیں) کا ادراک عقلِ انسانی سے ممکن نہیں ہے۔ حسنِ ازل اور کائنات کے درمیان چند ارواح بطور وسائل کے کام کرتی ہیں جن کی نمائندگی لوگس کرتا ہے۔ یہی لوگس کائنات کے تمام مظاہر کا ماخذ ہے۔ حسنِ ازل کائنات سے ماوراء ہے۔ اس کا عرفان نورِ باطن یا اشراق ہی سے ممکن ہے۔

افلاطون کی طرح فلاطینوس بھی انسانی زندگی کا مقصد یہ سمجھتا ہے کہ روح علوی کو جسم اور مادے کی قید سے نجات دلائی جائے۔ استغراق اور مراقبے کی حالت میں روح عالم مادی سے بے تعلق ہو جاتی ہے اور وجد و حال کے عالم میں ذاتِ احد سے واصل ہو جاتی ہے۔

فلاطینوس کا دعویٰ تھا کہ حالت سکر و نشاط میں وہ اپنی زندگی میں کئی بار اس اتصال سے بہرہ ور ہوا تھا۔ فلاطینوس روح کے مقابلے میں پیکر خاکی کو حقیر سمجھتا تھا۔ اس کا شاگرد فرفوریوس لکھتا ہے:

"اسے اس بات سے بھی شرم محسوس ہوتی تھی کہ اس کی روح جسد خاکی میں مقید ہے۔ ایک دن ایک دوست کسی مصور کو لے کر آیا کہ فلاطینوس کی تصویر کھچوائے۔ فلاطینوس نے اسے منع کر دیا اور کہا تم جس شے کی تصویر کھینچنا چاہتے ہو (یعنی ظاہری جسم) وہ تو میرے وجود کا حقیر ترین پہلو ہے"۔

فلاطینوس نے فیثاغورسیوں اور افلاطون کے نظریات میں تجلی کے تصور سے نظم و ضبط پیدا کرنے کی کوشش کی۔ دنیائے فلسفہ میں اسی تصور کو فلاطینوس کی دین سمجھا جاتا ہے۔ فلاطینوس ذاتِ احد کو ذاتِ بحت (ذات محض) کہتا ہے۔ اس کے خیال میں ذاتِ بحت سے بتدریج عقل، روح، ارواحِ علوی وسفلی اور مادے کا اشراق ہوا ہے۔ انسانی روح مادے کی کثافت میں ملوث ہو جاتی ہے اور استغراق و تعمق کی مدد سے نجات پا کر عالم بالا کو لوٹ جاتی ہے۔ اسے فصل و جذب یا تنزل و صعود کا نظریہ بھی کہا جاتا ہے (فصل یعنی جدا ہونا، جذب یعنی ضم ہونا، تنزل یعنی نیچے آنا، صعود یعنی اوپر جانا)۔

فلاطینوس کے خیال میں ذاتِ بحت سے پہلا اشراق عقل کا ہوا۔ عقل سے روح کا اشراق ہوا اور پھر بتدریج مادہ صورت پذیر ہوا۔ فلاطینوس کے استعارے کے پیش نظر ذاتِ بحت کے آفتاب سے جو کرنیں پھوٹتی ہیں وہ عقل، روح اور ارواح سفلی و علوی کو اپنی تابانی سے منور کرتی جاتی ہیں حتیٰ کہ تاریکی آ جاتی ہے۔ یہی تاریکی مادہ ہے۔ انسانی روح مادے کی آلائش سے آزاد ہو کر اصلی مبداء کو صعود کر جاتی ہے۔ یہ نواشراقی نظریہ بعد کے فلاسفہ وجودیہ اور صوفیا کے عقول یا تنزلات ستہ کی شکل میں بار بار سامنے آتا ہے۔

بعض مورخین فلسفہ کے خیال میں فلاطینوس ان بدھوں سے بھی مستفید ہوا تھا جو کثیر تعداد میں سکندریہ میں بود و باش رکھتے تھے۔ انہی کی تقلید میں فلاطینوس نے قربانیوں اور گوشت خوری سے منع کیا تھا۔ اس ضمن میں ایران کے ایک مدعی نبوت مانی کا ذکر بھی ضروری ہے جو بدھ مت کے عقائد سے متاثر ہوا تھا۔

مانی کے ظہور سے صدیوں پہلے بدھ مت کے مہایانا فرقے کی اشاعت افغانستان اور خراسان میں ہو چکی تھی۔ جہاں جا بجا بدھوں کے ستوپ اور چھتریاں قائم تھیں۔ بلخ بدھوں کا بہت بڑا مرکز تھا۔ یہاں کے معبد کے ایک مہا پجاری یا پرمک کی اولاد مسلمان ہو کر بعد میں برامکہ کے نام سے مشہور ہوئی تھی۔ ایران میں صدیوں سے بدھ مت اور مجوسیت کے درمیان تاثیر و تاثر کا سلسلہ قائم تھا۔

مانی نے ترک علائق اور تجرد گزینی بدھوں ہی سے مستعار لی تھی کہ مجوسیت میں اسے ممنوع سمجھا جاتا تھا۔ مانی فلاطینوس کا معاصر تھا۔ چنانچہ مانویت اور نو اشراقیت کی اشاعت دوش بدوش ہوئی۔ دونوں مادے کو شر کا ماخذ بتاتے تھے اور رہبانیت کی تلقین کرتے تھے۔

ان کی تعلیمات نے ابتدائی دور کے عیسائیوں کو روح کی گہرائیوں تک متاثر کیا تھا۔ یہ معلوم کر کے چنداں تعجب نہیں ہوتا کہ مسیحی رہبانیت کا آغاز مصر ہی سے ہوا۔ آگسٹائن ولی عیسائی ہونے سے پہلے مانوی رہ چکا تھا۔ وہ افلاطون کا ذکر والہانہ شیفتگی سے کرتا ہے۔ عیسائیت کی اشاعت کی ابتدائی صدیوں میں مصر، شام اور خراسان میں نواشراقیت، مانویت، مسیحی رہبانیت اور سمنیت ( بدھ مت) کے عقائد پر ہر کہیں بحث و مباحثہ کا بازار گرم تھا۔

دنیائے اسلام میں ان عقائد کی اشاعت اویسہ، خراسان اور گندی شاپور کے مدرسوں کے واسطے سے ہوئی جو عیسائیوں نے شام، ایران اور عراق میں قائم کر رکھے تھے۔ فلاطینوس اور فرفوریوس کی کتابیں اور ان کی شرحیں شامی زبان میں منتقل ہو چکی تھیں اور ان مدرسوں میں پڑھائی جاتی تھیں۔ ان کتابوں میں افلاطون، ارسطو، ایمپی دکلیس اور فیثاغورس کے افکار کی ترجمانی نو اشراقی رنگ میں کر کے ان کی تطبیق عیسائی عقائد سے کی جاتی تھی۔

مامون الرشید کے زمانے میں بیت الحکمت کے علماء نے ان کتابوں کے ترجمے عربی میں کئے جن سے مسلمانوں کے مذہبی عقائد میں ہلچل مچ گئی اور متکلمین نو اشراقی افکار کی مطابقت مذہب کے عقائد سے کرنے لگے۔ فیثاغورسی اور نو اشراقی افکار کی اشاعت کے باعث مذہب اسلام سیکڑوں فرقوں میں منقسم ہو گیا اور نسخ ارواح، سریان، امتزاج، تجسیم، حلول اور اوتار کے نو اشراقی آریائی افکار اسلامی تعلیمات میں نفوذ کر گئے۔ مسلمانوں کے فلسفے اور علم کلام کی طرح تصوف بھی انہی افکار کی اشاعت سے صورت پذیر ہوا تھا۔

تصوف کی الٰہیات وہی ہے جو اخوان الصفاء، الکندی، فارابی اور ابنِ سینا کے نظریات میں دکھائی دیتی ہے۔ فنا فی اللہ، فصل و جذب، تجلی، سریان وغیرہ کے نواشراقی افکار سب سے پہلے اخوان الصفا نے مرتب کیے تھے۔ انہی کی خوشہ چینی بعد کے اہلِ فکر و نظر نے کی۔ ڈی بوئر اپنی تالیف تاریخ فلسفہ اسلام میں لکھتے ہیں:

"اخوان الصفا نے بھی فنا فی اللہ کا نظریہ پیش کیا ہے۔ روح مادے کی آلائش سے رہائی پا کر پاک ہو جاتی ہے اور اپنے مبدائے حقیقی میں دوبارہ جذب ہو جاتی ہے۔ انسانی روح ترک علائق اور ریاضت شاقہ ہی سے عرفان نفس اور معرفت الہٰیہ حاصل کر سکتی ہے"۔

”اخوان الصفا نے حروف و اعداد کا فیثاغورسی تصور پیش کیا ہے۔ ایک کا عدد ان کے خیال میں وجود کا ماخذ ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اقلیدس اور ریاضی کا مطالعہ انسان کو حیات کی بندشوں سے نجات دلا کر اسے روحانیت سے آشنا کراتا ہے۔ منطق کا تعلق بھی ریاضی سے ہے۔ ان کے خیال میں خدا سے عالم مادی و روحانی کا صدور تجلی سے بتدریج ہوا ہے۔ یہ مدارج اس طرح کے ہیں۔

خدا سے روح فعال، روح فعال سے روح منفعل یا روح عالم، اس سے مادہ عالم طبیعی، جسد مطلق اور عالم بروج کا بتدریج صدور ہوا۔ عناصر عالم مادی اور جمادات، نباتات، حیوانات جو ان عناصر سے بنے ہیں ان سب میں ذات خداوندی طاری و ساری ہے۔ ان کے خیال میں روح انسانی، روح عالم سے نکلی ہے۔“

تنزلات ستہ یا عقول کا سریانی نظریہ الکندی، فارابی اور ابن سینا نے تفصیل سے پیش کیا ہے۔ کندی کی عقول اسکندر افرودیسی کی تالیف ”روح سے متعلق“ کی دوسری جلد سے ماخذ ہیں۔ الکندی کہتا ہے کہ ذاتِ احد سے عقلِ فعال کا صدور ہوا۔ عقلِ مستفاد یا عقلِ انسانی، عقلِ فعال سے صادر ہوئی۔ فارابی عقولِ اربعہ کا ذکر کرتا ہے۔ عقلِ ہیولائی جس کی مدد سے انسان محسوسات سے معقولات کو اخذ کرتا ہے۔ عقل بالفعل وہ فکری صلاحیت ہے جو اس قبول و اخذ میں معاون ہوتی ہے۔ عقلِ فعال جو خارج یعنی خدا سے صادر ہوتی ہے، اور عقلِ مستفاد انسانی ذہانت ہے۔ ہمہ اوست یا وحدتِ وجود کا نظریہ بھی اس سے مماثل ہے۔ عقلِ فعال ذاتِ احد سے صادر ہوئی۔ عقلِ فعال سے روحِ کُل، رُوحِ کُل سے روح اور روح سے مادے کا صدور ہوا۔ اس طرح تمام مادی عالم میں خدا کی ذات طاری و ساری ہے۔

ابن رشد نے بعد میں کہا کہ عقلِ انسانی یا عقلِ منفعل جسمِ انسان میں مقیم و مشخص ہے۔ موت کے بعد صرف عقلِ فعال باقی رہے گی۔ عقلِ انفرادی جسم کی فنا کے ساتھ فنا ہو جائے گی۔ اس طرح اس نے حیات بعد موت اور حشر اجساد سے انکار کیا ہے۔

شیخ شہاب الدین سہروردی مقتول نے، جنہیں شیخ الاشراق کہا جاتا ہے، حکمت الاشراق میں نور کا جو نظریہ پیش کیا ہے وہ بھی سریانی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ نورِ مطلق یا نورِ قاہرہ تمام کائنات میں نفوذ کئے ہوئے ہے۔ مادہ تاریکی ہے اور نورِ مطلق کا سایہ ہے۔ شر مادے کی طرف میلان کا نام ہے۔

شیخ الاشراق افلاطون کو صاحبِ نعمات و انوار کہتے ہیں اور خدا کو نور الانوار واجب لذاتہ کہتے ہیں۔ نور منقسم ہے دو حصوں میں: نور فی نفسہ لنفسہ (نور اپنی ذات کے لیے، جو نور محض ہے) اور نور فی نفسہ لغیرہ (نور اپنی ذات میں غیر کے لیے، جو عارض ہے)۔ انسان کے اندر جو انوار ہیں انہیں وہ الانوار الجردة المدبرة کہتے ہیں۔ ان کے خیال میں تاریکی اور اس کے تمام مظاہر عیون کے سائے ہیں۔ جمیع الحيات الظلمانيه ظلال للحيات العاقلہ۔

ان کا ادعا یہ ہے کہ نظریۂ نور کا آغاز ایران کے فلاسفہ جاماسپ، فرشاوشتر اور بزرجمہر کے افکار سے ہوا۔ حکمت الاشراق میں لکھتے ہیں:

"جو شعاع پہنچتی ہے نور الانوار سے نورِ اول کو، وہ کامل تر ہے بہ نسبت اس شعاع کے جو نورِ ثانی کو پہنچتی ہے۔ ثابت ہوا کہ پہلا حاصل نور الانوار سے ایک ہے اور وہ نور قریب تر ہے نور الانوار سے، اور عظیم ہے۔ حکیمِ فاضل زردشت کا یہ مزعوم ہے کہ اول جو چیز خلق ہوئی موجودات سے وہ بہمن ہے، پھر اردی بہشت، پھر شہر پور، پھر اسفندادند، پھر خورداد ہے، پھر امرداد ہے۔ اور ایک دوسرے سے پیدا کئے گئے، جیسے چراغ سے چراغ بغیر اس کے کہ کچھ اول سے کم ہو جائے۔ اور زردشت نے ان انوار کو دیکھا اور ان سے علومِ حقیقی کا استفادہ کیا"۔

ظاہراً شیخِ اشراق کے اس نظریئے میں فلاطینوس کا نظریۂ تجلی اور زردشت کی نور اور ظلمت کی دوئی ممزوج ہو گئی ہے۔ فلاطینوس کی ذاتِ بحت ان کے ہاں نور الانوار بن گئی ہے، جس سے بتدریج انوار کا صدور ہو رہا ہے۔ یہ خیال کہ پہلا حاصل نور الانوار سے ایک ہے، ابنِ سینا سے ماخوذ ہے۔ جو کہتا ہے کہ خدا واحد بالذات ہے اور جو چیز واحد بالذات ہو اس سے بالذات صرف ایک ہی چیز صادر ہو سکتی ہے۔ چنانچہ خدا سے عقلِ اول کا صدور ہوا۔ الواحد لا يصدر عنہ الا الواحد۔

صوفیا نے تنزلات ستہ کا جو تصور پیش کیا ہے اس میں فلاطینوس کے نظریۂ تجلی و صدور کی جھلک صاف صاف دکھائی دیتی ہے۔ میر ولی الدین لکھتے ہیں:

"نزول کے بے شمار منازل ہیں لیکن کلی اعتبار سے ان کا چھ میں حصر کیا جا سکتا ہے۔ انہیں صوفیا تنزلاتِ ستہ کہتے ہیں۔ ان میں پہلے تین میں احدیت، وحدیت، وحدانیت، مراتبِ الٰہیہ ہیں۔ باقی تین مراتب کونیہ ہیں، روح، مثال، جسم۔ ان سب کے بعد انسان کا درجہ ہے یعنی احدیت، وحدیت، واحدیت، روح، مثال، جسم اور انسان۔ ان میں احدیث خدا کی ذاتِ محض ہے"۔

فلاطینوس کے نظریہ صدور کی اس متصوفانہ ترجمانی کا آغاز قشیری سے ہوا تھا۔ عشق کا نواشراقی تصور ہمیں فارابی، ابن سینا، شیخ اشراق وغیرہ کے ہاں واضح صورت میں دکھائی دیتا ہے۔

فارابی کہتا ہے کہ خدا خود عشق ہے اور تکوین عالم کا سبب بھی عشق ہے جس کے سبب اجرام سماوی ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ عشق کی مدد ہی سے انسان معرفتِ الٰہیہ حاصل کرتا ہے اور اپنے روحانی کمال کو پہنچتا ہے۔

ابنِ سینا نے حصولِ کمال کی کوشش کو عشق کا نام دیا ہے۔ افلاطون کی طرح وہ کہتا ہے کہ کائنات حسنِ ازل کی طرف بے پناہ کشش محسوس کر رہی ہے۔ یہی کشش عشق ہے۔ کائنات کی اشیاء اس کشش کے باعث حسنِ ازل کی طرف حرکت کر رہی ہیں اور بتدریج کمال کو پہنچ رہی ہیں۔ یہ کشش جمادات سے شروع ہو کر نباتات، حیوانات اور انسان کو بتدریج اعلیٰ ترین مقامات کی طرف لے جاتی ہے۔ ابنِ سینا نے کہا ہے کہ حقیقتِ مطلق حسنِ ازل ہے جو عالمِ ظواہر میں اپنے حسن و جمال کی تجلیاں دیکھ رہی ہے۔

شیخ الاشراق کہتے ہیں کہ نیچے کے ہر نور کو اپنے سے بلند تر نور کا عشق ہے۔ یہ عشق ان انوار کو نور الانوار، یعنی خدا، تک لے جاتا ہے۔ خدا حسنِ کامل ہے، اس لیے وہ اپنے ہی عشق میں محو ہے۔ وہ خود ہی عاشق ہے اور خود ہی اپنا معشوق بھی ہے۔

افلاطون کی طرح صوفیا بھی خدا کو حسنِ ازل مانتے ہیں اور کہتے ہیں کہ حسن اپنے اظہار پر مجبور ہوتا ہے اور عشق کا طالب ہوتا ہے۔ یہی اظہارِ حسن کی تمنا کائنات کی تخلیق کا باعث ہوئی۔ صوفیا حسنِ مطلق یا حُسنِ ازل کو جمال کہتے ہیں اور دوسری ہر قسم کی ظاہری خوبصورتی کو حسن کا نام دیتے ہیں۔ عشقِ مجازی کا آغاز ظاہری انفرادی حسن سے ہوتا ہے۔ اس سے اگلا مرحلہ عشق حقیقی کا ہے، جس میں حُسنِ ازل کی تجلیات کا ورود ہونے لگتا ہے۔

صوفیا نے نواشراقی افکار کی عملی تعبیر کی کوشش کی۔ جیسا کہ ہم دیکھ چکے ہیں، نو اشراقیت کا آغاز مصر سے ہوا تھا جو مسیحی رہبانیت کا مرکز بن گیا۔ خراسان صدیوں سے بدھ مت کا گڑھ تھا چنانچہ مسلمانوں میں اہلِ عرفان کا ظہور مصر سے ہوا اور زہاد خراسان میں نمودار ہوئے۔

815ء میں اسکندریہ میں صوفیا کی ایک جماعت دکھائی دینے لگی جن کے رئیس عبد الرحمن صوفی تھے۔ ذوالنون مصری (متوفیٰ 861ء) نے سب سے پہلے معرفت کا تصور مسلمانوں کے تصوف میں داخل کیا۔ انہوں نے اور رابعہ بصری نے اپنے اشعار میں پر جوش عشق حقیقی کا اظہار کیا ہے۔ ابو سعید الخزاز البغدادی (متوفیٰ 890ء)، ذوالنون مصری کے مرید تھے۔ انہوں نے فنافی اللہ کا جو نظریہ پیش کیا وہ واضح طور پر قدیم عارفیوں اور نواشراقیوں سے ماخوذ ہے۔ مصر کی یہ روایت بغداد اور بصرہ میں بڑی مقبول ہوئی۔

خراسان کے مکتب تصوف کا آغاز ابراہیم بن ادھم سے ہوا۔ اس مسلک کی اشاعت میں ان کے مرید شفیق بلخی (متوفیٰ 810ء) پیش پیش تھے۔ مکتب خراسان کے صوفیا نے جس زاویہ نشینی، ذکر و فکر اور تجرد گزینی کی تبلیغ کی وہ صدیوں سے خراسان کے بدھوں کے توسط سے رواج پا چکی تھی۔ مسلمانوں کے تصوف میں ان دونوں روایتوں کا امتزاج عمل میں آیا ہے۔

فضیل بن عیاض (متوفیٰ 883ء) مرو کے رہنے والے تھے۔ ان کا ارشاد ہے:

"مجھے خدا سے عشق ہے اس لیے میں اس کی عبادت کرتا ہوں"۔

احمد بن خضرویہ بلخ کے باشندے تھے، کہتے ہیں:

"اپنی روح کو فنا کرو تا کہ وہ زندگی کو پا لے"۔

ابوالحسن نوری خراسانی (متوفیٰ 907ء) فرماتے ہیں:

" تصوف ہے ہی دنیا سے دشمنی اور خدا سے دوستی"۔

یحییٰ بن معاذ بلخی کا قول ہے:

"زاہد اس جہان کے لذات کو ترک کر دیتا ہے۔ صوفی آخرت کے لذات کو بھی خیر آباد کہہ دیتا ہے"۔

بایزید بسطامی خراسانی فرماتے ہیں:

"میرے جبے کے نیچے خدا ہے۔ میں ہی ساقی ہوں، میں ہی پیالہ ہوں، میں ہی مے خوار ہوں"۔

اور

"میں خدا کی طرف گیا۔ میرے اندرون سے آواز آئی، اوتم میں"۔

سبحانی ما اعظم شانی:

"میں پاک ہوں، میری شان کس قدر عظیم ہے"۔

جنید نہاوندی کا ارشاد ہے:

"تیس برس تک خدا جنید کی زبان سے بولتا رہا اور کسی کو خبر نہ ہوئی"۔

"صوفی ظاہر میں انسان ہے باطن میں خدا ہے"۔

ابو بکر شبلی خراسانی کہتے ہیں:

" تصوف حواس پر قابو پانے اور حبس دم کا نام ہے"۔

"صوفی دنیا میں ایسے رہے جیسے وہ پیدا ہی نہیں ہوا"۔

ان کے خیال میں جہنم اللہ تعالیٰ کا فراق ہے اور جنت اس کے دیدار کا نام ہے۔ مشہور صوفی شاعر جلال الدین رومی کہتے ہیں:

با مریداں آں فقیر محتشم!!

بایزید آمد که نک یزداں منم

گفت مستانہ عیاں آں ذوفنون

لا الله الا انا ہا فاعبدون

ترجمہ: "وہ پر شوکت فقیر بایزید اپنے مریدوں کے سامنے آئے اور بولے دیکھو میں خدا ہوں۔ اس با کمال نے مستانہ وار کہا کوئی معبود نہیں مگر میں۔ پس میری عبادت کرو"۔

رومی تنزل و صعود اور فنا فی اللہ کا نظریہ ان الفاظ میں بیان کرتے ہیں۔

صد ہزاراں حشر دیدی اے عنود

تاکنون ہر لحظہ از بدو وجود

از جمادی بے خبر سوئے نما

وزنمائے سوئے حیات و ابتلا

باز سوئے عقل و تغیرات خویش

باز سوئے خارج این پنج و شش

تالب بحر ایں نشان پایماست

پس نشان پا درون بحر لاست

ترجمہ: "اے سرکش تو نے اپنے آغاز و پیدائش سے اب تک لاکھوں حشر دیکھے ہیں۔ تو جمادات سے نما کی طرف آیا۔ نما سے حیواناتی زندگی اور پھر انسانی آزمائش میں پڑا۔ پھر عقل و تمیز کی طرف۔ اس کے بعد حواس خمسہ اور جہات ستہ سے نکل کر مقام حقیقت پر فائز ہوا۔ ان وجودی تغیرات کے نشاناتِ پا کنارِ دریا تک ہیں۔ اور ذات باری تعالی کے سمندر میں داخل ہو کر یہ نشانِ پا معدوم ہو گئے"۔

فلاطینوس کی عقل اور روح کا جنہیں بعد میں عقلِ اول، عقلِ فعال، روحِ عالم، عقلِ کُل، نفسِ کُل کے نام دیئے گئے، ان الفاظ میں ذکر کرتے ہیں۔

عقلِ کُل و نفسِ کُل مرد خداست

عرش و کرسی رامدان از وی جداست

عقلِ جزوی عقل را بد نام کرد

کام دنیا اوئے را نا کام کرد

روحِ انسانی مادی علائق کی اسیر ہو کر اپنے اصل مبداء کو بھول جاتی ہے۔

سالہا ہم صحبتی و ہمدمی

با عناصر داشت جسم آدمی

روح او خود از نفوس و از عقول

روح اصل خویش را کرده نقول

از نفوس و از عقول با صفا

نامہ می آید بجان کاے باوفا

یارگان پنج روزه یافتی

روز یاران کہن بر تافتی

ترجمہ: "آدمی کا جسم برسوں عناصر کے ساتھ صحبت و رفاقت رکھتا ہے۔ اس کی روح خود عالم نفوس و عقول سے ہے مگر اپنے اصل سے اعراض کئے ہوئے ہے۔ ان پاک نفوس اور عقول کی طرف سے روح کی طرف نامہ و پیام آتا ہے کہ اے بے وفا تو نے دنیا میں پانچ دن کے یار پا لئے ہیں۔ ان میں مل کر پرانے یاروں سے رخ پھیر لیا ہے"۔

تمام حسن و جمال محبوبِ ازلی کے حسن ہی کا عکس ہے۔

خوب رویاں آئینہ خوبی او

عشق ایشان عکس مطلوبی او

ہم باصل خود رود این خدوخال

دائما در آب کے ماند خیال

جملہ تصویر است عکس آبِ جوست

چوں بماں چشم خود خود جملہ اوست

ترجمہ: "تمام حسین اس کے حسن کے آئینے ہیں۔ ان کی معشوقی، اس کی مطلوبی کا عکس ہے۔ یہ عکس ہیں، وہ اصل ہے۔ یہ سب خدو خال اپنے اصل کی طرف چلے جاتے ہیں۔ ہمیشہ پانی میں عکس کب رہتا ہے۔ یہ مظاہر کی سب صورتیں آبِ جو کے عکس ہیں۔ اگر تم اپنی آنکھ ملو تو معلوم ہو کہ سب وہی خود ہے"۔

رومی کے علاوہ عراقی، سنائی، عطار اور جامی نے بھی فصل و جذب اور ہمہ اوست کے ان نواشراقی افکار کو شاعری کے روپ میں پیش کیا ہے۔

*

جاری ہے۔۔۔

*

مآخذ:

سید علی عباس جلالپوری، "عام فکری مغالطے"، صفحات 93 تا 118، تخلیقات، لاہور، 2013ء۔

سید علی عباس جلالپوری گورنمنٹ کالج لاہور میں فلسفے کے استاد تھے۔ انہوں نے فلسفہ، مذہب اور تاریخ سے متعلق 14 کتب تحریر کی ہیں جنہیں علمی حلقے فلسفے میں سنجیدہ کام قرار دیتے ہیں۔ علی عباس جلالپوری کو پاکستان کا ول ڈیورانٹ بھی کہا جاتا ہے۔