سندھ: رواں ہفتے کا احوال

سندھ: رواں ہفتے کا احوال

ادارتی نوٹ: نیا دور نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ کے مقامی اخباروں سے چنیدہ خبروں کو ہفتہ وار شائع کیا جائے تاکہ قارئین تک ان خبروں کی رسائی ممکن ہو سکے۔ زیر نظر خبریں اسی سلسلے کی پہلی کڑی ہیں۔ اس سلسلے میں دیگر صوبوں سے بھی علاقائی خبروں کو عوام تک پہنچانے کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے۔


[divide]

پارٹی چیئرمین کو فوری رہا کیا جائے: سندھ نیشنل پارٹی


سندھ نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ پارٹی چیئرمین امیر بمبھرو کو جلد رہا کیا جائے۔
پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ امیربمبھرو کو قانون نافظ کرنے والی اداروں نے کالا باغ ڈیم کی مخالفت اور دیگر قومیت کے افراد کی سندھ سے واپسی کے مطالبے پر کلفٹن، کراچی کی رہائشگاہ سے حالیہ ہفتے اٹھایا۔ پارٹی کے ہنگامی اجلاس میں کہا گیا کہ بھمبرو کو بغیر کسی وجہ کے لے جایا گیا۔ رہنماوں نے دعـویٰ کیا کہ پارٹی چیئرمین کے خلاف کوئی بھی کیس رجسٹرڈ نہیں ہے، سندھی قوم پرست رہنماؤں کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے۔ امیربمبھرو کی گرفتاری کے خلاف صوبائی دارلحکومت کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج بھی کیا گیا۔



 

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی نے اگلے کچھ دنوں میں پانی کی متوقع قلت کے بارے میں صوبوں کو پیشگی آگاہ کر دیا


ارسا کے ترجمان کے مطابق سکردو کی مقام پردرجہ حرارت میں کمی کے باعث دریا کے بہاؤ میں کمی آئی ہے۔ ارسا نے دریا کی فراہمی کو بڑھانے کے لئے سٹوریج سے پانی کو جاری کرنا شروع کر دیا ہے۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ہفتے کے اختتام پر پری مون سون سسٹم متوقع ہے جس سے کابل اور چناب کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں بہتری آئے گی، اور ارسا دوبارہ پانی ذخیرہ کرنے کا عمل شروع کر دے گا۔



 

کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے خلاف ٹھٹہ کے رہائشیوں کا احتجاج


ٹھٹہ کے رہائشیوں نے پانی کی قلت اور کالاباغ ڈیم کی مجوزہ تعمیر کے خلاف عوامی رابطہ تحریک کی جانب سے دو روزہ کیمپ منعقد کیا، جس میں بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی، تاجر اور مقامی افراد نے شرکت کی اور مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عوامی رابطہ تحریک کے رہنماؤں غلام سرورپلیجو، امجد، سلمان جکھرو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے سندھ کو مصنوعی پانی کے بحران کا سامنا ہے۔ پانی کی کمی سے دس لاکھ ایکڑ زمین تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی کمی کی وجہ سے کوٹڑی بیراج کے ذیلی علاقوں میں ہزاروں مچھیرے خاندان بے روزگار ہو چکے ہیں۔



 

جی ڈی اے نے 'قبل از انتخابات دھاندلی' پر سوالات اٹھا دیے


سندھ میں پیپلزپارٹی مخالف انتخابی اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے صوبہ بھر سے پی پی پی دورِ حکومت میں مقرر کیے گئے سینئر بیوروکریٹس کے تبادلوں کا مطابلہ کر دیا۔ جی ڈی اے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ آزاد اور منصفانہ انتخابات کے عمل میں رکاوٹ کا سبب ہو سکتا ہے۔ جی ڈی اے رہنماؤں ایاز لطیف پلیجو، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی سابق ایم پی اے نصرت سحر عباسی اور پیپلزپارٹی ورکرز کی ناہید خان نے حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس میں اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے سینکڑوں اہلکار بلاول بھٹو زرداری کی سرکاری ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
اس کے علاوہ پی پی پی کے دیگر امیدواروں کو بھی سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ نگران حکومت بھی پیپلزپارٹی کی ہی ہے۔ ایاز لطیف نے الزام عائد کیا کہ 'زرداری لیگ' انتخابات میں دھاندلی کے ہر حربے کو استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیوروکریٹس کو سندھ میں تعینات کیا جائے۔



 

بختاور بھٹو کا مہوش حیات کے خلاف کورٹ جانے کا اعلان


حال ہی میں پاکستان کی مقبول اداکارہ مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ Instagram پر ایک پیغام کے ذریعے اشارہ دیا کہ وہ جلد بےنظیربھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں دکھائی دیں گی۔ اس کا ردِعمل بےنظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی جانب سے سامنے آیا، جن کا کہنا تھا کی محترمہ کے لواحقین، ان کے بچوں میں سے کسی سے بھی اس معاملے میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایسی کوئی فلم بغیر اجازت کی بنی تو وہ قانونی چارہ جوئی کریں گی۔
اس پر اداکارہ کی جانب سے کہا گیا کہ ابھی یہ ابتدائی دور میں ہے، حتمی طور پر کام شروع ہونے سے پہلے خاندان والوں سے اجازت لی جائے گی۔ اور وہ ایک اداکارہ ہیں اور اپنی پسندیدہ شخصیت کے بارے میں تفصیلی ریسرچ کر رہی ہیں۔ وہ ان سب سے ملنا اور بی بی کے بارے میں تفصیل سے جاننا چاہیں گی چاہے فلم بنے یا نہ بنے۔