Get Alerts

جبری تبدیلئ مذہب اور کم عمری میں شادیوں کے خلاف اسمبلی سیکرٹریٹ میں بل جمع

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے جبری تبدیلئ مذہب اور کم عمری میں شادیوں کے خلاف قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں دو الگ الگ بل جمع کروا دیے ہیں جن میں اس نوعیت کے اقدامات کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اقلیتی رکن کی جانب سے یہ بل سندھ کے شہر گھوٹکی کی دو لڑکیوں کے مبینہ اغوا اور اسلام قبول کرنے کے معاملے کے میڈیا پر آنے کے بعد جمع کروائے گئے ہیں۔



تاہم، دونوں نومسلم بہنوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے اسلام قبول کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو واقعہ کی مکمل تحقیقات کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جب کہ پنجاب پولیس نے دونوں بہنوں کے مبینہ اغوا میں سہولت کاری کے الزام میں سات افراد کو گرفتار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بدین، مبینہ جبری تبدیلئ مذہب کا ایک اور معاملہ سامنے آ گیا

ڈاکٹر رمیشن کمار وانکوانی کی جانب سے کم عمری میں شادیوں پر پابندی کے ایکٹ کا اصلاحی بل 2019ء اور اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے کرمنل لا ایکٹ 2019ء کا بل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا گیا ہے۔



ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے دیگر سیاسی جماعتوں کے اقلیتی ارکان اسمبلی کے دستخطوں کے ساتھ ایک قرارداد بھی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی ہے، جس میں جبری تبدیلئ مذہب کے خلاف اس بل کو فوری طور پر منظور کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 2016ء میں سندھ اسمبلی نے بھی جبری تبدیلئ مذہب کی روک تھام کے لیے ایک بل متفقہ طور پر منظور کیا تھا تاہم چند حلقوں کے دبائو کے باعث اسے واپس لے لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ، گھوٹکی کی نومسلم بہنوں کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم

مجوزہ بل میں جبری تبدیلئ مذہب میں ملوث افراد کو پانچ سال قید کی سزا دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کے علاوہ پی ٹی آئی کے دیگر اراکین اسمبلی لعل مالہی، شنیلا رُتھ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر درشن اور پاکستان پیپلز پارٹی  کے رمیش لعل نے بھی اس قرارداد پر دستخط کیے ہیں۔



ان اراکین اسمبلی نے اپنی قرارداد میں جبری تبدیلئ مذہب کے حالیہ واقعہ پر میاں مٹھو اور پیر ایوب جان سرہندی کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر رامیش کمار وانکوانی ہندوئوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان ہندو کونسل کے سربراہ ہیں۔