پنجاب پولیس کے ترجمان نایاب حیدر کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا گیا

پنجاب پولیس کے ترجمان نایاب حیدر کو بیٹے سمیت گرفتار کر لیا گیا
لاہور میں پنجاب پولیس کے پبلک ریلیشن آفیسر (پی آر او) سید نایاب حیدر کو بیٹے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق نایاب حیدر کو حساس ادارے کے افسر پر بہیمانہ تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

نایاب حیدر کو تھانہ جنوبی چھاؤنی پولیس نے گرفتار کیا جب کہ  مقدمہ حساس ادارے کے افسر میجر محمد ابراہیم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق حساس ادارے کے افسر  کی گاڑی کو  کیولری گراونڈ کی سمت جانے والے فلائی اوور کے قریب پیچھے سے ایک  گرے رنگ کی گاڑی نے ٹکر ماری۔ گارڑی روکنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ گاڑی میں ان کی والدہ، بچے اور بھتیجے بھی تھے۔

اس دوران 15 سے 20 نامعلوم مسلح افراد ملزمان کی امداد کے لیے وہاں پہنچ گئے۔ زبردستی اغوا کرنے کی کوشش کی۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعہ کے کچھ حصہ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد کچھ ملزمان کی شناخت ہو گئی ہے جن میں نایاب حیدر نقوی، ان کے بیٹے ضرغام عباس ، فیضان علی ولد نذر حسین، مستجاب حیدر ولد رہبر حسین، انتساب حسین ولد زبیر حسین اور نعمان ولد راشد شامل ہیں۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کے ایک حاضر سروس آرمی میجر پر قاتلانہ حملہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا اور اغوا کرنے کی کوشش کی۔ براہ مہربانی ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے حسبِ ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔