مولانا فضل الرحمان کے زیر صدارت حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے اجلاس میں متفقہ قرارداد میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے کیونکہ یہ چیز پی ٹی آئی کیخلاف ثابت ہو چکی ہے۔
پی ڈی ایم اجلاس کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہو چکی ہے لیکن فیصلے میں تاخیر سے تشویش کا پہلو ابھر رہا ہے۔ یہ ایک نہایت سنگین پہلو ہے، آنکھیں بند کرنا قومی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ 8 سال کی ناکامی نے ملک میں اداروں کی کمزوری کو فروغ دیا ہے۔ تاثر ابھر رہا ہے کہ اس شخص نے ریاستی اداروں کی ڈیل کے نتیجے میں خود کو قانون سے بالاتر سمجھ لیا ہے۔ عمران خان کے پاس بیانیہ نہیں صرف الزامات ہیں۔
https://twitter.com/pmln_org/status/1552689536941031426?s=20&t=kCmIQrIBvq6hEMMmO8QM-w
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، اب اس کے گریبان پر ہاتھ پڑے گا۔ حکومتی سطح پر کچھ فیصلے ہوئے ہیں جو ایک دو روز میں سامنے آئیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتا ہے اسے امریکہ نے ہٹایا، حالانکہ وہی تو اسے لایا تھا۔ ملک کو معاشی طور پر دوبارہ اٹھانا بڑا چیلنج ہے۔ بیوروکریسی میں اب بھی وہ عناصر ہیں جو حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔