سرکاری قیمت سے سستی سبزی بیچنے پر دکاندار گرفتار

سرکاری قیمت سے سستی سبزی بیچنے پر دکاندار گرفتار
لاہور میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جہاں سرکاری نرخ سے سستی سبزی بیچنے پر دکاندار کو گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپنی نوعیت کا انوکھا مقدمہ درج ہوا جس میں سستی سبزی بیچنے پر دکاندار کو گرفتار کرلیا گیا ۔ یہ انوکھا مقدمہ اسپیشل مجسٹریٹ چوہدری کاشف بشیر کی مدعیت میں تھانہ سٹی رائیونڈ میں پرائس کنٹرول ایکٹ 1958 اور 1977 کے تحت درج کیا گیا۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ دکاندار بھنڈی مقررکردہ قیمت 95 کی بجائے 73 روپے پربیچ رہا تھا، دکاندارٹماٹرکی مقررکردہ قیمت 50 روپےکلو کی بجائے 25 روپےفی کلوفروخت کررہا تھا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق دکانداربینگن مقررکردہ نرخ 60 فی کلوکی بجائے 52 روپے، کریلے 90 فی کلوکی بجائے 52 روپے اور پیازسرکاری ریٹ 40 روپے فی کلو کے بجائے 33 روپے میں فروخت کررہا تھا۔



ایف آئی آرکے مطابق دکان دار نے سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرکے اور مقررہ نرخوں پر سبزی نہ بیچ کر جرم کا ارتکاب کیا ہے۔پولیس کے مطابق مجسٹریٹ کے حکم پر دکاندار وقاص کو 15 جون کو گرفتار کیا گیا اور 16 جون کو مقامی عدالت نے اسے ضمانت پر رہا کر دیا۔

 



دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے کی گئی ٹویٹ کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کیجانب سے رپورٹ پیش کر دی گئی جسکے مطابق متعلقہ دکاندار زائد قیمت پر اشیاء فروخت کر رہا تھا اور کاروائی ضوابط کے مطابق کی گئی لیکن کاروائی کا اندراج متضاد خانوں میں بھر کر استغاثہ جمع کروا دیا گیا جسکے باعث پولیس نے اُسی کے مطابق رپورٹ درج کر لی۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں مزید لکھا کہ متعلقہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو ہدایت جاری کی ہے کہ جو اُس سے متضاد خانوں میں اندراج کی غلطی ہوئی اُسے فوری طور پر ٹھیک کروائے۔

https://twitter.com/DCLahore/status/1409190289810538497

 

واضح رہے کہ ادارہ شماریات کے مطابق کہ ہفتہ وا بنیادوں پر گذشتہ ہفتے کے دوران ٹماٹر14.56فیصدایل پی جی 8.64فیصد، چکن11.43فیصد،پیاز8.38 فیصد، آلو1.21فیصد, لہسن 6.97فیصد اورگھی5.36 فیصد، ککنگ آئل1.31فیصد مہگا ہوا جبکہ دال مونگ3.79فیصد،دال مسور 0.26فیصد، دال چنا0.71فیصد ،دال ماش 0.45فیصد اور چینی 0.12 فیصد سستی ہوئی۔

وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ24جون کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ(ایس پی آئی) کے لحاظ سے گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح15.29فیصد رہی تاہم اس سے پچھلے ہفتے کے مقابلہ میں پیوستہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح0.82فیصد اضافہ ہوا۔