کرونا وائرس نے میڈیا کا رخ کرلیا، ملک کے تین صحافی کرونا کا شکار ہوگئے

کرونا وائرس نے میڈیا کا رخ کرلیا، ملک کے تین صحافی کرونا کا شکار ہوگئے

  کرونا وائرس کی ہولناکیاں قوم پر وا ہو رہی ہیں اور آئے روز بری سے بری خبریں سننے کو مل رہی ہیں۔ ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ اب میڈیا بھی اسکی زد میں ہے۔  اب وزیر اعظم کے معاون خصوصی ظفر مرزا نے بتایا ہے ملک میں تین صحافی بھی کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔


ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ تین صحافی جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان کا تعلق  پنجاب سے ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے اداروں کی نشاندہی کرنے سے گریز کیا تاہم اسے سے قبل سٹی میڈیا گروپ کے مالک نے اپنے چینلز میں کرونا کے مصدقہ کیسز ہونے کے حوالے سے ٹویٹ کر کے اطلاع دی تھی۔ تاہم اب تک مذکورہ گروپ سمیت کسی چینل نے اپنے سٹاف کو چھٹیاں نہیں دی ہیں۔ 


ان کا مزید کہنا ہے کہ این ڈی ایم اے قرنطینہ سینٹر کا دورہ کرنے والے صحافیوں کو حفاظتی کٹس فراہم کرے گا۔ معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی کے فیصلے عام کیے جائیں گے۔


خیال رہے کہ پاکستان میں کررونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی اور ملک بھر میں سب سے زیادہ 5 ہلاکتیں اب تک پنجاب میں ہوئی ہیں جب کہ ملک میں مزید نئے کیسز کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 1408 تک جا پہنچی ہے۔


اس معاملے کے حوالے سے صحافیوں میں تشیویش پائی جاتی ہے۔  کئی صحافیوں نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر نیا دور کو بتایا کہ چینلز کسی صورت بھی اپنی طرز نشریات  تبدیل نہیں کرنا چاہتےْ اسیے میں خصوصی طور پر فیلڈ سٹاف کے پاس کوئی خاطر خواہ انتظامات موجود نہیں ہیں جبکہ صحت کو لاحق خدشات اور فکر معاش کے درمیان ٹنگے اکثر صحافی شدید ذہنی دباو میں کام کررہے ہیں۔