ججز کے خط کا معاملہ: وزیراعظم شہباز  شریف سے ملاقات کے بعد فل کورٹ اجلاس طلب

اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے خط میں لکھا کہ ججز کا موجودہ کوڈ آف کنڈکٹ اس حوالے سے رہنمائی کرنے سے قاصر ہے کہ ججز کی جانب سے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے عدلیہ کی آزادی کو مجروح کرنے کا کا کیا ردعمل دیا جائے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس بات کی تحقیقات انتہائی اہم ہیں۔

ججز کے خط کا معاملہ: وزیراعظم شہباز  شریف سے ملاقات کے بعد فل کورٹ اجلاس طلب

اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط والے معاملے پر چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ سے وزیراعظم شہباز شریف کی سپریم کورٹ میں ملاقات ہوئی جس کے بعد چیف جسٹس نے فل کورٹ اجلاس طلب کر لیا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ 20 منٹ تک جاری رہی۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم سپریم کورٹ سے روانہ ہوگئے۔

چیف جسٹس نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی طرف سے لکھے گئے خط کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے پیغام بھجوایا تھا۔

ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل منصور اعوان بھی شامل تھے۔ سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس منصورعلی شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ابتدائی طور پر یہ تاثر دیا گیا تھا کہ یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کی جانب سے عدلیہ میں خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کے تناظر میں ہو رہی ہے لیکن اب حکومتی ذرائع کی جانب سے یہ کہا جا رہا ہے کہ اس ملاقات کا مقصد سپریم کورٹ اور دیگر عدالتوں میں ٹیکس معاملات سے متعلق زیر التوا مقدمات پر گفتگو کرنا تھا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ میں فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا جو کچھ دیر بعد شروع ہوگا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

واضح رہے کہ 26 مارچ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے ججوں کے کام میں خفیہ ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت اور دباؤ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھا خط سامنے آیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفت امتیاز کی جانب سے لکھا گیا۔

خط میں کہا گیا کہ ہم بطور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز سپریم جوڈیشل کونسل سے ایگزیکٹیو ممبران بشمول خفیہ ایجنسیوں کے ججز کے کام میں مداخلت اور ججز کو دباؤ میں لانے سے متعلق رہنمائی چاہتے ہیں۔

خط میں کہا گیا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے نتیجے میں سامنے آیا جس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سال 2018 میں برطرفی کو غلط اور غیر قانونی قرار دیا گیا اور کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو ریٹائرڈ تصور کیا جائے گا۔

خط میں لکھا گیا کہ ججز کا موجودہ کوڈ آف کنڈکٹ اس حوالے سے رہنمائی کرنے سے قاصر ہے کہ ججز کی جانب سے خفیہ اداروں کے اہلکاروں کی جانب سے عدلیہ کی آزادی کو مجروح کرنے کا کا کیا ردعمل دیا جائے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ اس بات کی تحقیقات انتہائی اہم ہیں کہ کیا ریاست کی جانب سے عدلیہ کے کام میں مداخلت کی پالیسی اب بھی جاری ہے جس پر خفیہ ایجنسی کے اہلکار عمل درآمد کرواتے ہیں؟

ججز کی جانب سے لکھے گئے خط میں اسلام آباد کی عدلیہ کو خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے درپیش دھمکی امیز واقعات کا بھی ذکر کیا گیا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کی اوپن کورٹ تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر ہوگئی۔

میاں داؤد ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی جس میں سپریم کورٹ سے با اختیار کمیشن تشکیل دے کر انکوائری کروانے استدعا کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر پاکستان بار کونسل نے بھی 5 اپریل کو ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں پاکستان بار کونسل موجودہ صورتحال پر آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔

ججز کے خط پر انکوائری کمیشن تشکیل کی درخواست بھی سپریم کورٹ میں دائر کی گئی جس میں وفاقی حکومت اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کو بھی فریق بنایا گیا۔