ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کرے گا

ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کرے گا
پاکستان اگلے سال آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا تاہم میچز کس شہر میں ہوں گے یہ فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشیا کپ ٹی ٹوینٹی فارمیٹ پر ہوگا، پی سی بی آئی سی سی ورلڈ کپ کے بعد ایشیا کپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گا۔ اے سی سی اجلاس میں 2022 کی ایشین گیمز میں کرکٹ کی شمولیت کی منظوری دے دی گئی ہے، ایشین گیمز 2018 میں کرکٹ شامل نہیں تھی۔

دوسری جانب اے سی سی اجلاس کی سائیڈ لائن پر پی سی بی اور سری لنکن کرکٹ حکام کی ملاقات ہوئی، سری لنکا کو پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی گئی ہے جس پر مثبت جواب کی امید ہے۔

یاد رہے کہ بھارت نے گزشتہ سال پاکستان ٹیم کی وجہ سے ایشیا کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا، بعدازاں مقابلوں کا انعقاد یو اے ای میں کیا گیا تھا۔

اس کے بعد بی سی سی آئی حکام کا مطالبہ تھا کہ پاکستان میں ایشیا کپ 2020 کو کسی دوسرے وینیو پر منعقد کرائے۔ 2008 میں کراچی نے 50 اوورز کے ایشیا کپ کی میزبانی کی تھی۔ ایشین کرکٹ کونسل اپنے نشریاتی حقوق فروخت کرنے اور دفتر قائم کرنے کیلئے جلد کام شروع کردے گا۔ خیال رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا تھا۔