اللہ کا شکر کرتا ہوں جو عزت دینے والا ہے، وزیر اعظم کی پاکستان روانگی سے قبل گفتگو

اللہ کا شکر کرتا ہوں جو عزت دینے والا ہے، وزیر اعظم کی پاکستان روانگی سے قبل گفتگو
وزیراعظم عمران خان نے پاکستان روانگی سے قبل  نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو پیغام دینے آئے تھے اللہ کا شکر ہے وہ کامیابی سے دیا، عزت اللہ دیتا ہے پوری قوم نے دعائیں کیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ، امریکا، روس اور بڑی طاقتوں کو پتا ہے کہ کشمیر میں کیا ہورہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ جدوجہد جاری رہے گی، جدوجہد میں اونچ نیچ آتی ہے، لوگوں نے مایوس نہیں ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے جو عزت دینے والا ہے، پوری پاکستانی قوم نے دعائیں کی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کو اس کے غرور نے اندھا کردیا ہے، کرفیو اٹھنے کے بعد کشمیر میں خون کی ندیاں بہیں گی، اقوام متحدہ کو کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس وہ تنظیم ہے جو ہٹلر اور مسولینی سے متاثر ہے، آر ایس ایس نسل پرستی اور آریہ سماج پر یقین رکھتی ہے، آر ایس ایس مسلمانوں اور عیسائیوں کی نسل کشی اور نفرت پر یقین رکھتی ہے، آر ایس ایس کی سوچ کے باعث مودی نے 2002 میں گجرات میں مسلمانوں کو قتل عام کیا، مودی پر امریکا میں گجرات میں قتل عام کے الزامات پر پابندی لگی۔

https://www.youtube.com/watch?v=LnDH_X1pY8U

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد مقبوضہ وادی میں کرفیو کے باوجود کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔