Get Alerts

سابق ہائی کمشنر واجد شمس الحسن لندن میں انتقال کر گئے

سابق ہائی کمشنر واجد شمس الحسن لندن میں انتقال کر گئے

سابق ہائی کمشنر ، صحافی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما واجد شمس الحسن لندن میں انتقال کر گئے۔

واجد شمس الحسن کا شمار ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ واجد شمس الحسن طبیعت ناساز ہونے کے سبب لندن کے رائل فری اسپتال میں چھ ہفتوں سے داخل تھے اور گزشتہ دو برس سے علیل تھے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے سید واجد شمس الحسن کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید واجد شمس الحسن صحافی ،سفارتکار اور تاریخ کا عظیم ورثہ تھے ،ان کے والد نواب شمس الحسن قائداعظم کے چالیس سال ساتھی رہے ، سید واجد شمس الحسن بھٹو خاندان کے عظیم دوست اور ساتھی تھے ،ان کی پارٹی قیادت اور جمہوریت کےلئے بے مثال خدمات ہیں۔

واجد شمس الحسن کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ واجد شمس الحسن 2008ء میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں، واجد شمس الحسن 40 سال سے زائد عرصہ صحافت سے بھی وابستہ رہے۔