Get Alerts

بھارتی شہر امرتسر، لدھیانا اور چندریگڑھ پاکستان کے نشانے پر

بھارتی شہر امرتسر، لدھیانا اور چندریگڑھ پاکستان کے نشانے پر
پاکستان نے زمین سے زمین پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کے مطابق پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ہے، زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل غزنوی کا تجربہ رات کو کیا گیا، میزائل ہر قسم کے روایتی اور غیر روایتی وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 290 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو آسانی سے نشانہ بناسکتا ہے۔



میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ کامیاب میزائل تجربے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی اسٹاف، پاک بحریہ کے سربراہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم پاکستان نے بھی میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم اور ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

یاد رہے کہ غزنوی بیلسٹک میزائل حتف -3 کا دوسرا نام ہے، جو پاک فوج کی سروسز میں پہلی مرتبہ 2004 میں شامل کیا گیا تاہم 2002 اور 2003 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران ہی اس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔

اس میزائل کو مکمل طور پر پاکستان میں ہی کہوٹہ ریسرچ لیبارٹریز اور اسپارکو نے تیار کیا ہے۔

مختصر فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل (ایس بی آر ایم) غزنوی 290 سے 320 کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے کے ساتھ ساتھ 700 کلو تک بارودی مواد بھی اپنے ساتھ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ اس میزائل سے پاکستان کی نہ صرف دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ حریف ایٹمی ملک بھارت کے کئی قریبی شہر بشمول امرتسر، لدھیانا اور چندریگڑھ نشانے پر ہیں۔