پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے شاہراہ قراقرم کے تاریخی منصوبے پر دستاویزی فلم بنادی، شاہراہ کی تعمیر میں 567 جوانوں اور 246 شہریوں کا خون بھی شامل ہے، دستاویزی فلم ’ویئر مین اینڈ ماؤنٹینز میٹ‘ اسی جذبے کی کہانی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے دنیا کے آٹھویں عجوبے شاہراہ قراقرم کے تاریخی منصوبے کو ایک دستاویزی فلم کی شکل میں اُجاگر کیا گیا ہے۔
سنگلاخ چٹانوں، دیو قامت پہاڑوں اور بے یقیں موسموں میں مملکت خداداد پاکستان کے شمال میں ایک ایسی بےمثال و لازوال شاہراہ کا وجود عمل میں آیا، جس کے سحر انگیز حسن اور دیومالائی بدن سے آج بھی 567 فوجی جوانوں اور 246 عام شہریوں کے خون کی مہک آتی ہے، دستاویزی فلم ’ویئر مین اینڈ ماؤنٹینز میٹ‘ اسی جذبے پہ لب کشاں ہے۔
1959 میں تعمیرات کے عام ساز و سامان سے شروع کی جانے والی ایک ہزار 300 کلومیٹر طویل شاہراہ قراقرم کی جاں فشا تعمیر کے دوران کہیں پہاڑوں کے سرکنے، چٹانوں کے ٹوٹنے اور پتھروں کے لڑھکنے سے شاہرہ پر کام کرنے والے پاکستانی اور چینی باشندوں کی جانیں گئیں، تو کہیں ستم گر موسموں نے درجنوں چراغِ زندگی گل کیے۔
بلند و بالا پہاڑوں پہ بل کھاتی، ہیبت ناک چٹانوں سے گزرتی اور 4 ہزار 714 میٹر کی بلندی پر خنجراب میں تمام ہوتی شاہراہ قراقرم اپنی شروعات ہی سے کوہستان اور گلگت بلتستان کے باسیوں کے لیے معاشی و معاشرتی ترقی و خوشحالی کا سندیسہ لے کر آئی۔