Get Alerts

کرونا وائرس سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کرونا وائرس میں مبتلا

کرونا وائرس سے متعلق کیس کی سماعت کرنے والے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کرونا وائرس میں مبتلا
پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور اعداد و شمار خوفناک شکل اختیار کر رہے ہیں۔  اب خبر ہے بلوچستان ہائی کورٹ سے جس کے چیف جسٹس کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

 جیو نیوز کے مطابق  چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس جمال خان مندوخیل نے کرونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کرونا کا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ہائی کورٹ کی حالت بہت بہتر ہے اور وہ گھر سے ہی عدالتی امور سرانجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جسٹس جمال خان مندوخیل بلوچستان ہائی کورٹ میں کرونا کے حوالے سے زیر سماعت مقدمے میں بینچ کی سربراہی کر رہے ہیں۔

 یاد رہے کہ کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق جمعرات کو ملک میں 11931 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک میں 2636  مزید افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ملک میں اس وقت 496 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔ 28 مئی کو ملک میں وائرس کے باعث 57 افراد ہلاک ہوئے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کرونا سے 432 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 396 اور پنجاب میں 381 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔