Get Alerts

کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی تدفین سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری

کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی تدفین سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کرونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی تدفین سے متعلق نیا ہدایت نامہ جاری کیا ہے جو حکومت کی کووڈ-19 ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔

معاون خصوصی نے کہا ہے کہ اب تک اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ لاش سے زندہ انسانوں میں وائرس منتقل ہوسکتا ہے اس لیے کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تدفین کے ہدایت نامے میں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے نئی ایڈوائزری کے مندرجہ ذیل نکات بتاتے ہوئے کہا کہ میت کو ہینڈل کرنے والے افراد، ورکرز اور خاندان والے ذاتی تحفظ کا خیال رکھیں اور ماسک، گاؤن اور دستانے پہنیں۔ میت کو براہ راست نہ چھوئیں اور غسل دینے کی ممانعت نہیں لیکن ذاتی تحفظ کا خیال رکھا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ غسل کے دوران پانی کے چھینٹوں سے بچنے کے لیے چشمے استعمال کریں جبکہ میت کو کفن بھی پہنایا جاسکتا ہے۔ میت کو قبرستان پہنچانے میں احتیاط کی جائے اور قبر میں میت اتارنے والے افراد ماسک اور حفاظتی کٹس لازمی پہنیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اسی طرح جنازہ پڑھتے وقت سماجی دور کا خیال رکھا جائے اور مختصر جنازے رکھیں، جس میں صرف گھر والے اور خاندان کے قریبی افراد شرکت کریں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ بعض مقامات پر انتظامیہ نے میت تحویل میں لے لی اور خاندان والوں کو بھی ہاتھ نہیں لگانے دیا تھا اگرچہ حکومت کی جانب سے ایسا پہلے بھی نہیں کہا گیا تھا اگر کہیں ہوا ہے تو غلط تھا اور اب نئے ہدایت نامے میں ہم نے اسے واضح کردیا ہے۔

ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ظفر مرزا نے کہا کہ کرونا وائرس کے 64 ہزار مصدقہ مریضوں میں سے 35 فیصد مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں، لیکن اموات میں بتدریج اضافہ ہوا ہے اور پچھلے 24 گھنٹے میں 57 اموات رپورٹ ہوئیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ 157 افراد کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ وینٹی لیٹرز پر موجود ہونا بیماری کی شدید نوعیت کو ظاہر کرتا ہے لیکن وینٹی لیٹرز پر موجود 85 سے 90 فیصد جانبر نہیں ہوسکتے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ عالمی وبا کرونا وائرس ملک بھر میں پھیل رہی ہے، حکومت کو اموات اور کیسز کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے لیکن صورتحال قابو میں ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اس وقت مختلف ہسپتالوں میں کرونا وائرس کے لیے مختص 18 سے 20 فیصد وینٹی لیٹرز استعمال ہورہے ہیں جبکہ شہروں کے بڑے ہسپتالوں میں صورتحال تھوڑی تشویشناک ہوجاتی ہے کہ کبھی بستر نہیں ملتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ملک بھر کے ہسپتالوں میں بستروں اور وینٹی لیٹرز کی تعداد کی نگرانی کررہا ہے اور اب تک ملک میں ان کی وافر مقدار موجود ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق ہماری تیاری اور وینٹی لیٹرز کی صورتحال سے متعلق کل (30 مئی کو) تفصیلات بیان کی جائیں گی۔