اسلام آباد: معروف صحافی اور جیو نیوز کے اینکر پرسن حامد میر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ایک آدھ نہیں بلکہ تین سے چار ویڈیوز موجود ہیں جو میں ذاتی طور پر چاہتا ہوں کہ باہر نہیں آنی چاہئیں۔ یہ ایسی ویڈیوز ہیں جو ٹی وی پر نہیں دکھائی جا سکتیں۔ سوشل میڈیا پر دیکھ کر لوگ کانوں کو ہاتھ لگائیں گے کہ یہ ہیں وہ سیاست دان جو اس ملک کو ریاست مدینہ بنانے کی بات کرتے ہیں۔
جیو ٹی وی کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ" میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ان میں سے ایک ویڈیو رانا ثناء اللہ نے بھی دیکھی ہے اور میرے جاننے والے تین چار اور لوگوں نے بھی دیکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو سیاست دان اس وقت خوش ہو رہے ہیں کہ عمران خان کی آڈیو آ گئی ہے تو ان کی ویڈیو بھی آئے گی تو میں یہ بتانا چاہ رہا ہوں کہ ایسی آڈیوز صرف پی ٹی آئی کے سیاست دانوں کی نہیں ہیں بلکہ باقی پارٹیوں کے سیاست دانوں کی بھی ایسی آڈیوز اور ویڈیوز موجود ہیں۔