مختلف ممالک میں عید میلاد النبیﷺ کس طرح منائی جاتی ہے؟

 12 ربیع الاوّل کی خوشی میں زیادہ تر ممالک میں گلی کوچوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا جاتا ہے۔ روح پرور محافل کا انعقاد ایمان کو تازگی بخشتے ہیں۔ دنیا بھر میں اس روز رسول اللہ کی خصائص وشمائل،معجزات،عظمت و فضائل بیان کیے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ بہ کثرت درود شریف،فقیروں اور مسکینوں میں کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔

مختلف ممالک میں عید میلاد النبیﷺ کس طرح منائی جاتی ہے؟

ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل مہینہ ہے کیونکہ اس مہینے نبی آخرالزماں ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی، جو انسان کامل، ہادی عالم اور وجہ تخلیق کائنات ہیں۔ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں ہی حضورانور سرور کونین حضرت محمدﷺ کو دنیا کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے بھیجا گیا۔ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کے لئے نمونہ بن کر آئے۔ وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی آئندہ آئے گا۔ 

ماہِ ربیع الاول کا آغاز ہوتے ہی پورا عالمِ اِسلام میلادِ مصطفیٰ ﷺ کی خوشی میں اِنعقادِ تقریبات کا آغاز کر دیتا ہے۔ عید میلاد النبی ایک تہوار یا خوشی کا دن ہے جو دنیا بھر میں ہر اسلامی ملک اپنی ثقافت اور رسم و رواج کے مطابق محبت آمیز جذبات کے ساتھ یہ مہینہ مناتا ہے۔ یہ بات ذہن نشین رہے کہ میلادِ مصطفیٰ ﷺ آج کے مسلمان ہی نہیں مناتے بلکہ ماضی بعید اور قریب میں بھی انتہائی گرم جوشی اور اہتمام کے ساتھ یہ دن منایا جاتا رہا ہے۔
یکم ربیع الاول سے ہی مساجد اور دیگر مقامات پر میلاد النبی اور نعت خوانی کی  محافل شروع ہو جاتی ہیں۔ یہ سلسلہ چاند نظر آنے کے بعد ہی شروع ہو جاتا ہے۔ 

یہ درست ہے کہ زیادہ تر حوالہ جات بتاتے ہیں کہ پیغمبرِ اسلام ہجری کلینڈر کے مطابق ربیع الاوّل کے مہینے میں پیدا ہوئے تھے لیکن سنی مکتب فکر 12 ربیع الاوّل کو ولادت کا دن مناتا ہے جبکہ شیعہ مکتب فکر 17 ربیع الاوّل کو۔لہذا اگر بات اسلامی تاریخ کی جائے تو ربیع الاوّل کا پورا مہینہ ہی جشن کا مہینہ سمجھا جاتا ہے۔

 اگر 12 ربیع اوّل کی بات کریں تو یہ دن دنیا بھر کے اسلامی ملکوں میں اپنے اپنے انداز سے منایا جاتا ہے۔ سجاوٹیں اور روشنیاں، مٹھائیاں اور مشہور کھانے، حمد اور پیغمبرِ اسلام کو یاد کرنے کے محافل، جلسے، جلوس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ گلی کوچوں، گھروں اور بازاروں میں جھنڈے اور چراغاں کیا جاتا ہے۔ مراکش سے لے کر کویت، قطر، متحدہ امارات ،غرض دنیا بھر میں ہر سال پیغمبرِ اسلام کا یوم ولادت مختلف طریقوں سے منایا جاتا ہے۔

 12 ربیع الاوّل کی خوشی میں زیادہ تر ممالک میں گلی کوچوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا جاتا ہے۔ روح پرور محافل کا انعقاد ایمان کو تازگی بخشتے ہیں۔ دنیا بھر میں اس روز رسول اللہ کی خصائص وشمائل،معجزات،عظمت و فضائل بیان کیے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ بہ کثرت درود شریف،فقیروں اور مسکینوں میں کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔ درج ذیل میں ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ جشن آمد رسول منانے کے کتنے رنگ چار سو پھیلے ہیں۔

پاکستان

پاکستان میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد عید میلاد النبی کا جشن مناتی ہے اور چھوٹے بڑے شہریوں میں اس حوالے سے تقاریب رکھی جاتی ہیں۔ سرکاری عمارتوں سے لے کر گھروں تک رنگ برنگی لائٹس اور سجاوٹیں کی جاتی ہیں اور مسلمان اپنی استطاعت کے مطابق پیغمبر اسلام سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔خصوصی طور پر کھانے تقسیم کیا جاتا ہے جسے نیاز کہتے ہیں۔ اس دن گھروں میں میٹھا بنانے کا اہتمام کیا جاتا ہے مثلا، حلوہ، جلیبی وغیرہ۔جبکہ پورا مہینہ ہی خواتین گھروںمیں نعتیہ محافل اور سیر النبی کانفرنسز کا اہتمام کرتی ہیں۔ نعتیہ محافل میں خواتین خصوصی طور پر سفید اور سبز لباس زیب تن کرتی ہیں۔

بھارت

بھارتی مسلمان اس دن کو خصوصی نوافل ادا اور ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کرکے مناتے ہیں، اس موقع پر جشن منانے کے لئے ریلیاں اور جلوس بھی منعقد کی جاتے ہیں۔
ملائشیا

ملائیشیا میں اس دن کو مولود نبی کے طور پر جانا جاتا ہے یہاں مسلمان رنگین لباس پہنے پریڈ کرتے ہیں اور ملک بھر میں تلاوتِ قرآن پاک اور نماز کے لئے بڑے اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں۔

روس

روس میں بھی حضرت محمدمصطفی کا یوم ولادت بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کیلئے 20 ہزار سے زائد مرد اور عورتیں شدید برفباری اور درجہ حرارت کی پرواہ کئے بغیر مرکزی مسجد میں جمع ہوکر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

مصر

 مصر میں اس دن کو مولد النبی کہا جاتا ہے، اس دن کا جشن منانے لوگ خیرات کرتے ہیں اور اس دوران رضاکارغریبوں میں کپڑے اور کھلونے تقسیم کرتے ہیں۔اس کے علاوہ ’عروسة المولد‘ نامی ایک گڑیا بچوں اور لڑکیوں کو دینے کا رواج ہے۔ یہ گڑیا ویسے تو ٹافی یا کسی میٹھی چیز کی بنی ہوتی ہیں تاہم حالیہ عرصے میں پلاسٹک کی گڑیاو¿ں کو بھی استعمال کیا جانے لگا ہے۔

امریکہ

امریکہ میں بسنے والے مسلمان 12 ربیع الاوّل کے روز مساجد میں جمع ہوتے ہیں اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں گھروں پر محفل نعت کے پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔

ترکی

ترکی میں عید میلا النبی کے موقع پر خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتاہے۔جبکہ مخصوص صوفی رقص بھی کیا جاتا ہے۔ ترک لوگ عموماً میلادالنبی کی رات کو عشاءکی نماز مسجدوں میں پڑھتے ہیں۔اجتماعی دعاءہوتی ہے۔وعظ و بیان ہوتا ہے، جس میں حضور اکرم کے فضائل و مناقب بیان کئے جاتے ہیں۔تسبیح نماز ہوتی ہے۔قرآن مجید کی تلاوت اور نوافل ادا کئے جاتے ہیں۔یہ عمل رات تقریباً 1بجے تک مسجدوں میں جاری رہتا ہے۔پھر لوگ گھروں میں چلے جاتے ہیں۔کچھ مزید وقت عبادت میں گزارتے ہیں۔آپ کی ذات پر ربیع الاوّل کے مہینے میں درود و سلام بہ کثرت بھیجا جاتا ہے۔ میلاد والے دن گلاب کے پھول تقسیم کئے جاتے ہیں کیونکہ یہاں حضرت محمدﷺ کو گلاب کے پھول سے تشبیہہ دی جاتی ہے۔ اس دن خاص کھانا بناکر ہمسایوں، غرباءومساکین اور مستحق لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ان کی مالی امداد کی جاتی ہے۔اجتماع صرف مساجد میں ہوتے ہیں، جس میں صرف قرآن پاک، درود وسلام اور آپ کے فضائل بیان کئے جاتے ہیں اور اس بات پر زور دیا جاتا ہے کہ ہم آپ کی تعلیمات پر حقیقی عمل کرکے ہی آپ کے صحیح پیروکار بن سکتے ہیں۔بازاروں، گلیوں، عمارتوں پر کوئی چراغاں نہیں ہوتالوگ عموماً 12ربیع الاوّل کو روزہ رکھتے ہیں۔ختم القرآن کے لئے پارے پڑھے جاتے ہیں۔اخبارات ورسائل، ٹی وی آپ کے مناقب و فضائل اور سلام و درود، سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہیں۔لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے جاتے ہیں۔میلاد یا اجتماع کے نام پر چندہ اکٹھا کرنا ترکی میں قانوناً جائز نہیں ہے ۔

فلسطین

بیت المقدس میں عید میلاد النبی کی مرکزی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں تمام مسلمان مسجد اقصیٰ کے قریب جمع ہوتے ہیں اور حمد وثناء بیان کرتے ہیں۔

مراکش

مراکش میں عید میلاد النبی کوعید المولد انبوی کہا جاتا ہے اور  یہ دن ایک تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن پریڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے اور لوگ ایک جگہ جمع ہوتے ہیں۔ اس دن کیلئے خاص طور پر نئے کپڑے بنائے جاتے ہیں جبکہ عظیم عشائیے کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

عراق

عراق اور عراقی کردستان کے مسلمان اس دن خاص کھانے بناتے ہیں جنہیں کمیونٹی سینٹرز میں جمع ہونے والے لوگوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ یہ لوگ وہاں نعتیہ اشعار پڑھتے ہیں اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

برطانیہ

برطانیہ میں، مساجد اور گھروں کو قمقموں کی روشنیوں،اور نعلین مبارک سے سجایا جاتا ہے۔ جبکہ مساجد میں حمدیہ کلام، اور نعتیہ محافل کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں مسلمان کمیونٹی کے افراد جمع ہو تے ہیں۔

یمن

یمن میں مسلمان میلاد کے جھنڈوں کے ساتھ سڑکوں پر نکلتے ہیں اور اپنی خوشی کا اظہار کرنے اور اس موقع کی مناسبت سے ڈھول اور دَف بجاتے ہیں۔