ثناء عمر کا تعلق سوات میں مینگورہ کے نواحی علاقے بنڑ سے بتایا گیاہے۔
خاندانی ذرائع کا کہناہے کہ گلوکارہ و رقاصہ ثناء عمر نے گزشتہ شب محفل موسیقی میں پیسے کمائے تھے جس کے بعد صبح ان کے بھائی کے ساتھ پیسوں پر جھگڑا ہوا جس میں اسکے بھائی نے اپنی بہن کو چھری کے وار سے شدید زخمی کردیا۔
واقعہ کے بعد ثناء عمر کو سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیاتھا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ چل بسیں۔ مینگورہ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
اس سے پہلے بھی خیبر پختونخوا میں خواتین گلوکاروں اور رقاصاؤں کو قتل کیا جاچکا ہے. رواں برس مئی اور فروری میں بھی دو خواتین فنکاروں کو قتل کیا گیا تھا۔
گذشتہ مئی بنڑ ہی میں مینہ نامی ایک گلوکارہ اور رقاصہ کو ان کے شوہر نے گھریلو تنازعے کی وجہ سے قتل کیا تھا۔ ان کے شوہر کو تین دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
فروری میں سٹیج ڈراموں کی ایک اداکارہ کو مردان میں قتل کیا گیا تھا۔