پاکستان میں چینی منصوبوں اور چینی عملے کو گوادر میں بھی نشانہ بنایا جاتا ہے، خیبر پختونخوا میں بھی اور پنجاب میں بھی۔ اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ پاکستان میں چینی منصوبوں سے متعلق ہونے والے دہشت گرد حملے چاہے وہ بی ایل اے کر رہی ہے، طالبان کر رہے ہیں یا کوئی تیسرا کرے، ان کے پیچھے کسی نہ کسی طرح سے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سٹرنگز ہوتے ہیں۔ امریکی صدر کا پاکستانی وزیر اعظم کو خط جس وقت موصول ہوا ہے، یہ ٹائمنگ خاصی معنی خیز ہے۔ یہ کہنا ہے سینیئر صحافی سجاد انور کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں مبشر بخاری نے کہا عدلیہ میں مداخلت سے متعلق عدالتی کمیشن کی سربراہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ یا جسٹس منصور جیسے کوئی حاضر سروس جج کر رہے ہوتے تو شاید کوئی حل نکل آتا۔ جہاں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 حاضر سروس جج صاحبان اس مبینہ دباؤ کو نہیں جھیل پا رہے تو کمیشن کا سربراہ ایک ریٹائرڈ جج اس پریشر کو کیسے برداشت کر سکے گا۔ امریکی صدر کا شہباز شریف کے نام خط ایران سے گیس خریدنے سے متعلق ایک قسم کی تنبیہ بھی ہو سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
عامر الیاس رانا کے مطابق پی ٹی آئی والے شاید ہم نوا اور ہم خیال ریٹائرڈ ججز کی نگرانی میں بنا کمیشن چاہ رہے تھے۔ خط لکھنے والے ججز بھی تحقیقات کے بجائے چاہ رہے تھے کہ کنونشن بلایا جائے تاکہ پورے ملک میں تقریریں کی جا سکیں اور دھمال ڈالی جائے۔ ان ججز نے اس دباؤ سے متعلق سابق چیف جسٹس عمر عطاء بندیال سے کیوں شکایت نہیں کی تھی؟ یہ جج صاحبان 10 مئی کے بعد سے کیوں چپ بیٹھے تھے؟ ان سے پوچھا جائے کہ کون سے فیصلے انہوں نے دباؤ میں کیے، حالانکہ یہ ایک جماعت کے لوگوں کو ضمانتیں بھی دیتے رہے ہیں۔
میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔