2018 کا الیکشن نواز شریف کے للکارنے پر لڑا: شیخ رشید

2018 کا الیکشن نواز شریف کے للکارنے پر لڑا: شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ اگر مجھے کسی نے تنگ نہ کیا تو اگلا الیکشن نہیں لڑوں گا۔یہ الیکشن بھی نواز شریف کی للکار کی وجہ سے لڑا۔ غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزارت داخلہ ان کے لیے بہت چیلنج بھری وزارت ہے۔ اس میں تو ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ ہوتا ہے۔ ریلوے میں صرف ٹرین کا ہی حادثہ ہوتا تو بدنامی ہوتی تھی باقی تو نارمل وزارت تھی مگر یہاں 18 گھنٹے کام کرنا پڑتا ہے۔ وزارت داخلہ سنبھالنے کے بعد اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے بیرون ملک سفارت خانوں میں 12، 14 سال سے بیٹھے نادرا کے سارے افسران کو تبدیل کردیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کا ازالہ ہو، اس کے علاوہ ویزا آن لائن کر دیا ہے۔ پہلے کوئی 70 ہزار روپے دیتا تھا اور ویزے کا ٹھپہ لگوا لیتا تھا۔ اب جو بھی آن لائن ویزا اپلائی کرتا ہے، اسے اسی وقت ویزا مل جاتا ہے، وزارت داخلہ میں 3،3 لاکھ افراد کی ویزا درخواستیں پڑی ہوتی تھیں اب ہمارے پاس ایک ویزا بھی بیک لاک میں نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی میں نالہ لئی کی تعمیر ہوجائے تو ان کے سیاسی مقاصد مکمل ہو جائیں گے۔ وہ چاہتے ہیں نالہ لئی پر ایک اتھارٹی بن جائے، اگر انہیں کسی نے تنگ نہ کیا تو اگلا الیکشن نہیں لڑیں گے۔ ابھی دو سال پڑے ہیں لیکن ان کا خیال یہی ہے کہ ریٹائر ہو جائیں، وہ 2018 کا الیکشن بھی میں نہیں لڑ رہے تھے لیکن جب نواز شریف نے یہ کہا کہ یہ ( شیخ رشید) اگلی دفعہ اسمبلی میں نہیں ہوگا تو پھر انہیں مجبوراً اللہ کی مدد سے یہ لڑنا پڑ گیا۔

شیخ رشید دو بار نواز شریف حکومت میں وزیر رہے

نواز شریف کے پہلے دور میں شیخ رشید صاحب کو پہلے مشیر اطلاعات و نشریات، پھر وزیر صنعت و حرفت مع اضافی چارج سیاحت و ثقافت مقرر ہوئے۔ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اسمبلی اور اسمبلی سے باہر ان کی بلند بانگ تنقید کو روکنے کے لیے ان کی لال حویلی میں ایک عدد کلاشنکوف رکھنے کے جرم میں جیل بھیج دیا۔ چند ماہ کی قانونی کارروائی کے بعد رہائی پائی۔ 1997ء کے الیکشن میں کامیاب ہو کر میاں نواز شریف کی کابینہ میں بطور وزیر شامل رہے۔
شیخ رشید کے نواز شریف پر غداری کے الزامات

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا نواز شریف عالمی ایجنسیوں کے آلہ کار بن گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کی یہ جماعت سازشوں کے تحت ملک کو غیرمستحکم کررہی ہے اور نواز شریف سب سے بڑا ریاست مخالف ہے۔