Get Alerts

الیکشن کمیشن  کی فروری کے وسط تک انتخابات کرانے کی یقین دہانی

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا عمل 14 دسمبر تک مکمل کر لے گا۔ الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے ساتھ ہی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دے گا۔ ممکن ہے حلقہ بندیوں کے دورانیہ کو کم کرنے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کر دے۔

الیکشن کمیشن  کی فروری کے وسط تک انتخابات کرانے کی یقین دہانی

چیف الیکشن کمشنر  سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کا عمل 14 دسمبر تک مکمل ہونے کے بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔ نشستوں کی حد بندی جلد مکمل ہو  جانے کی صورت میں عام انتخابات جنوری کے آخر میں یا فروری کے وسط تک ہوں گے۔

الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے کے مطابق سیاسی جماعتوں کے ساتھ الیکشن کمیشن کے تین مشاورتی اجلاس ہوئے۔ پہلا اجلاس عوامی نیشنل پارٹی، دوسرااجلاس بلوچستان عوامی پارٹی اور تیسرا بلوچستان نیشنل پارٹی کے وفد کے ساتھ بالترتیب صبح 11بجے، دوپہر 2 بجے اور سہ پہر 3بجے ہوا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت اجلاس میں اراکین الیکشن کمیشن، سیکریٹری اور سینئر افسران نے شرکت کی۔ عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے میاں افتخار حسین، زاہد خان، خوشدل خان اور عبدالرحیم وز یر، بلوچستان عوامی پارٹی سے نصیب اللہ، منظورکاکڑ، نور محمد دومر، سردار عبدالرحمٰن کھیتران اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی طرف سے عبدالکریم نوشیروانی، ثنا جمالی اور دنیشں کمار شریک ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کا عمل 14 دسمبر تک مکمل کر لے گا۔ ہم حلقہ بندیوں کے دورانیے کو مزید کم کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے ساتھ ہی الیکشن کے شیڈول کا اعلان کر دے گا۔ ممکن ہے حلقہ بندیوں کے دورانیہ کو کم کرنے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کر دے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے وفد نے نوے روز میں انتخابات کو آئینی ضرورت قرار دیتے ہوئے بروقت الیکشن کا مطالبہ کیا اور کہاکہ الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیاں شروع کرنے سے پہلے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کرنی چاہیے تھی۔ آئین کے تحت صوبوں کی نشستوں کو کم یا زیادہ نہیں کیا جاسکتا۔

اے این پی نے کہا کہ عام انتخابات کے لیے نئی حلقہ بندیوں کی ضرورت نہیں تھی۔ الیکشن کمیشن صرف صوبوں کے اندر ہی نشستوں کو ایڈجسٹ کر سکتا ہے لہذا الیکشن کمیشن فوری طور پر انتخابات کی تاریخ اور الیکشن شیڈول کا اعلان کرے۔

الیکشن کمیشن اعلامیے کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی نے الیکشن کمیشن کے ازسرنو حلقہ بندیاں کرنے کے فیصلے کی حمایت کی۔ باپ پارٹی کے وفد نے کہا کہ الیکشن کمیشن صاف اور شفاف حلقہ بندیاں اور غیر جانب دارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے۔ الیکشن کا شیڈول دینے سے پہلے الیکشن کمیشن ملک بھر میں موسمی اثرات کو بھی مد نظر رکھے اور پوری کوشش کرے کہ عام انتخابات کا انعقاد نوے روز میں ممکن ہوسکے۔

بی اے پی وفد نے کہا کہ نئی مردم شماری میں بلوچستان کی آبادی کو کم کیا گیا اس لیے یہ مردم شماری درست نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کے وفود کو حلقہ بندیوں کے دورانیہ میں کمی کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حلقہ بندیاں مکمل ہوتے ساتھ ہی الیکشن کمیشن ملک بھر میں عام انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائے گا۔ حلقہ بندیاں اور انتخابات کا انعقاد ائین اور قانون کے مطابق شفاف انداز میں مکمل ہوگا۔