مارچ 2020 کے آخر میں اپریل کے پہلے ہفتے میں سر زمین پوٹھوہار کی تہذیب وتمدن کے اظہار کے لئے ایک بڑے میلے کی تیاریاں جاری ہیں۔ پوٹھوہار کی تاریخ کا یہ پہلا میلہ ہے جس میں پوٹھوہار کی قدیم ثقافت، کھیل، روایتیں اور تماشوں سمیت تاریخی ورثہ کی نمائش کی جائے گی۔ یوں سمجھیں کہ پوٹھوہار کو نئی اٹھان دینے کا ایک مکمل اور جامع پروگرام ہے۔ پاکستان کے لسانی اور جعفرافیائی حوالوں سے یہ منفرد اوردلچسپ علاقہ ہے جو اپنی الگ تھلگ اور خاص ثقافت کا حامل ہے۔
جن کا رہن سہن، زبان، کھیل تماشے، رسم و رواج اپنی ایک شناخت رکھتے ہیں۔ بحیثیت مجموعی خطہ پوٹھوہار ایک اکائی ہے جس طرح پاکستان کی باقی ریجنل اکائیاں اور صوبے ہیں۔ خطہ پوٹھوہار کی یہ خصوصیت ہے کہ یہ علاقہ اپنی ہیت جغرافیائی، لسانی، ثقافتی میں اپنے اندر ایک صوبے کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ کہنا مبالغہ نہیں ہو گا کہ خطہ پوٹھوہار کا انگ انگ صوبے کی فطرتی کا مانگ رکھتا ہے۔ میلے کے انعقاد کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ پاکستان کے عوام کو اس امر سے واقف کرایا جائے کہ خطہ پوٹھوہار ایک اکائی ہے اور اپنی الگ شناخت کا حامل ہے۔
ورلڈ پوٹھوہار میلے میں دنیا بھر سے پوٹھوہار ریجن کے لوگ شرکت کر رہے ہیں۔ اہم ترین بات ہے کہ دیارِ غیر میں برس ہا برس سے قیام پذیر پوٹھوہاریوں نے اپنی مٹی سے رشتہ نہ صرف استوار رکھا ہوا ہے بلکہ دیار غیر میں بھی پوٹھوہار کلچر کی شمع جلائے رکھی ہے۔ برطانیہ، سپین، جرمنی اور کئی دوسرے ممالک میں پوٹھوہاری میلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ میگزین، اخبار اور ویب سائٹس کے ذریعے پوٹھوہاری ثقافت کی آبیاری کی جا رہی ہے۔ ورلڈ پوٹھوہار میلے کو لیکر دیار میں بھی اتنا ہی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ جتنا خطہ پوٹھوہار میں ہے۔
میلے کے افتتاحی سیشن میں ملک کی بڑی شخصیت مہمان خصوصی ہو گی جو میلے کا افتتاح کرے گی جبکہ ایوارڈ اور انعامات کی تقسیم کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان کی آمد متوقع ہے۔ علاوہ ازیں ملک کی اہم شخصیات، وزراء، ارکان پارلیمان سمیت سیاسی و سماجی اہم شخصیات کو بھی مدعو کیا جا رہا ہے۔ جس میں اداکار، فنکار، کھلاڑی، سفارتکار شامل ہیں۔اس ضمن میں جشن پوٹھوہار کی میزبان تحریک صوبہ پوٹھوہار کے کرتا دھرتا دعوتی مہم چلا رہے ہیں۔ جشن پوٹھوہار کے لئے ترانے اور گیتوں کی ریکارڈ نگ بھی جاری ہے۔ مارچ کے پہلے یا دوسرے ہفتے پوٹھوہاری مشعل چڑھتل نکالی جائے گی جو پورے پوٹھوہار میں ڈھوک ڈھوک جائے گی۔
جشن کے روز مچ بھی لگایا جائے گا۔ جشن پوٹھوہار کا بڑا شغل بیل دوڑ ہے۔جس میں پوٹھوہار سے نامی گرامی بیل شریک ہوں گے۔بیل دوڑ پوٹھوہار مقبول کھیل ہے اور کوئی گاوں ایسا نہیں ہے جس گاوں میں بیل کی جوڑیاں نہ ہوں۔
حالانکہ یہ بہت مہنگا ہے شوق ہے۔ بیل جوڑی کی قیمت ستر لاکھ تک بھی ہے۔ شوقین حضرات نے بڑے بڑے گروپ تشکیل دے رکھے ہیں۔ گروپوں میں مقابلے کی مخاصمت بھی پائی جاتی ہے۔ ایک دوسرے پر بازی لیجانے کا رجحان بدرجہ اتم موجود ہے۔ گھڑدوڑ اور گھڑ کرتب دوسرا بڑا کھیل ہے۔ میلے کے پہلے روز بیل دوڑ کے مقابلے ہوں گے جس میں پانچ سو کے قریب بیلوں جوڑے ہوں گے۔ یہ ایونٹ دن کی روشنی میں ہو گا جبکہ رات بیت بازی، پوٹھوہاری شعر اور مشہور لوک فنکار فن کا مظاہرہ کریں گے۔
دوسرے دن گھڑ ڈور، نیزے بازی کا بڑا پروگرام ہو گا اور اس کی دوسری جانب والی بال کے ٹورنامنٹس اور کبڈی کے میچز ہونگے جبکہ رات کو پوٹھوہاری اسٹیج شو اور ڈرامہ ہو گا۔ فوک گلوکار محافل سجائیں گے۔ میلے کی منفرد اور دلچسپ آئٹم مچ ہے جو دن رات چلتا رہے گا جس سےمیلے کی فضاء میں گرمی کا احساس رہے گا۔ میلے کے تیسرے اور آخری روز ایوارڈ شو ہو گا جس میں ملک کے نامور ستارے پرفارم کریں گے۔ انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ انعامات میں جی ایل آئی گاڑیاں، ٹریکٹر، موٹرسائیکل اور دیگر بے شمار انعامات، ٹرافیاں، کپ اور شیلڈز ہیں۔