پاکستان کی قومی پرچم بردار ایئرلائن ( پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ڈیڑھ برس سے ناقابل استعمال مسافر بردار بوئنگ 777 طیارہ دوبارہ آپریشنل ہو گیا ہے۔
قومی ایئرلائنز کے ترجمان مشہود تاجور کہتے ہیں، طیارے کے دوبارہ قابل استعمال ہونے کی امید نہ ہونے کے برابر تھی، تاہم مرمت شدہ طیارے نے اپنی ٹیسٹ فلائیٹ مکمل کر لی ہے جس کے باعث اب اسے ایئر لائنز کے شیڈول میں شامل کر لیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے قومی ایئرلائن کو اس بڑی کامیابی پر مبارک باد پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ انجینئرنگ، سپلائی چین، فنانس، فلائیٹ آپریشنز سمیت ایئرلائن کے دیگر تمام شعبوں کی مدد اور معاونت کے باعث ہی یہ طیارہ پرواز کے قابل ہوا ہے۔