مشہور کامیڈین شکیل صدیقی کی گاڑی چور لے اڑے

مشہور کامیڈین شکیل صدیقی کی گاڑی چور لے اڑے
چوروں نے پاکستان کے مشہور کامیڈین شکیل صدیقی کی گاڑی کو بھی نہ بخشا۔ گھر کے باہر کھڑی گاڑی لے اڑے۔ اداکار نے پولیس میں ایف آئی درج کرائی لیکن کوئی سراغ نہ مل سکا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے سیکٹر الیون میں کامیڈٰین شکیل صدیقی کی رہائش گاہ کے باہر پیش آیا۔ ان کی گاڑی گھر کے باہر کھڑی تھی کہ چور اسے سٹارٹ کرکے رفوچکر ہو گئے۔

کامیڈین شکیل صدیقی کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چوری کا یہ واقعہ آج شام 5:15 کے قریب پیش آیا، جس کی اطلاع متعلقہ تھانے اور 15 مددگار پولیس کو کر دی گئی تھی تاہم رات گئے تک گاڑی کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں حالیہ چند مہینوں کے دوران اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گذشتہ دنوں ڈکیتوں نے نجی ڈی وی چینل کے پروڈیوسر اطہر متین کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایکشن لیا اور صحافی کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم محمد اشرف کو منگھوپیر کے علاقے بلوچستان باڈر سے گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ملزم کے دوسرے ساتھی کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔