جماعت اسلامی کا تین روزہ مہنگائی مارچ کا اعلان

جماعت اسلامی کا تین روزہ مہنگائی مارچ کا اعلان
جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے 10 فروری سے مہنگائی کے خلاف تین روزہ احتجاجی مارچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ختم نہ ہوئی تو ملک میں صرف ایلیٹ کلاس ہی بچے گی۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم  نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی آئی ایم ایف کی شرائط کو حکومت کی جانب سے قانونی تحفظ فراہم کرنے کی کسی بھی مہم جوئی کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ قانون سازوں کے گھروں، دفاتر کا گھیراؤ اور عالمی مالیاتی ادارے کے وفد کی قیام گاہوں کے باہر مظاہرے ہوں گے۔ غریب عوام آئی ایم ایف کی شرائط پر مزید کسی قربانی دینے کو تیار نہیں۔ جماعت اسلامی 10 فروری سے تین روزہ لاہور سے اسلام آباد مہنگائی مارچ کا آغاز کر رہی ہے جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے۔ یہ حکومت آئی نہیں لائی گئی جو اپنی حرکتوں سے حق حکمرانی کھو چکی۔ پورے ملک میں الیکشن کروائے جائیں۔ موجودہ حکومت ختم نہ ہوئی تو ملک میں صرف ایلیٹ کلاس ہی بچے گی۔

”گوادر کو حق دو تحریک“ کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن اور ان کے ساتھیوں پر مقدمات کی واپسی، رہائی اور گوادر کے عوام کے مکمل حقوق کی بحالی کا مطالبہ کیا اور اعلان کیا کہ مہنگائی مارچ کا دوسرا ایجنڈا گوادر کے عوام کے حقوق کا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے حق کے لیے گھروں سے باہر نکلے۔

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے ملک کے چاروں صوبوں میں بلدیاتی اداروں کی تکمیل کا بھی پُر زور مطالبہ کیا۔ انہوں نے خام مال کے علاوہ تمام لگژری اشیاء کی درآمد پر پابندی کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے پشاور کی مسجد میں بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور واقعہ کو حکومت اور ایجنسیوں کی ناکامی قرار دیا۔

کامران اشرف صحافت کے طالب علم ہیں۔