کراچی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے روکنے پر خاتون نے ڈی ایس پی کو تھپڑ مار دیے

کراچی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سے روکنے پر خاتون نے ڈی ایس پی کو تھپڑ مار دیے
کراچی میں ٹریفک پولیس کی رنگین شیشے، فینسی نمبر والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں آج جمعرات کی صبح پی آئی ڈی سی ٹریفک سیکشن پرایک خاتون کو جب فینسی نمبر پلیٹ اور ٹنٹڈ گلاسز نصب کرنے پر روکا گیا تو انہوں نے ڈی ایس پی افتخار آرائیں سے بدتمیزی کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سی سی ٹی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ کار سوار مشتعل خاتون ڈی ایس پی کو دھکے دیتی رہی اور انہیں تھپڑ بھی مار دیا، باریش ڈی ایس پی ٹریفک نے اپنے عہدے اورخاتون کی عزت کا خیال رکھتے ہوئے کسی ردعمل کا اظہارنہیں کیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا تھا لیکن پولیس کی جانب سے خاتون کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

ابدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے معافی مانگ لی جس کے بعد معاملہ رفع دفع کردیا گیا ہے۔ مگر بعدازاں خبرملی ہے کہ خاتون کے خلاف ڈی ایس پی کی مدعیت میں تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

اس مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت ، افسر پر ہاتھ اٹھانے، اور سگنل توڑنے کی دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں ڈی ایس پی نے موقف اپنایا کہ ڈیوٹی پر تھا ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ پر لاپروائی سے گاڑی چلانے والے ڈرائیور کو روکا اس کے ہمراہ موجود لیڈیز نے کار سے اتر کہا کہا تم ہمارے نوکر ہو، جبکہ خاتون نے اپنے بھائی کو اثرو رسوخ والا بتایا اور اس کے نام پر دھمکیاں دیتی رہی۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پراس واقعے کی ویڈیووائرل ہونے کے بعد صارفین نے خاتون کی بدتمیزی پر سخت ردعمل کا اظہارکیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس خاتون کو کڑی سزا ملنی چاہیے اور اس طرح کی حرکتیں کرنے والے افراد کے لیے نشان عبرت بنانا چاہیے۔