محمد خان بھٹی نے پرویز الٰہٰی اور مونس الٰہی کی کرپشن کا کچا چٹھا کھول دیا

محمد خان بھٹی نے پرویز الٰہٰی اور مونس الٰہی کی کرپشن کا کچا چٹھا کھول دیا
سابق وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہٰی کے دست راست اور سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی نے اپنے اقبالی بیان میں پرویز الٰہٰی اور ان کے صاحبزادے مونس الٰہی کی کرپشن کا کچا چٹھا کھول دیا۔

پرنسپل سیکرٹری پنجاب محمد خان بھٹی نے پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے تیار ہو گئے ۔ انہوں نے سی آر پی سی کے سیکشن 164 کے تحت اپنا اعترافی بیان ریکارڈ کرایا۔اعترافی بیان میں محمد خان بھٹی نے پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کی کرپشن کی تمام کہانی کھول کر رکھ  دی۔

محمد خان بھٹی نے بتایا کہ انہوں نے زیرالتواء مقدمات ختم کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔ متعلقہ ادارے کے پاس اس کا آڈیو ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ بھی موجود ہے۔

محمد خان بھٹی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اربوں کے اثاثے بنائے۔ انہوں نے رائیونڈ روڈ لاہورمیں ساڑھے 4 ایکڑ زمین پر فارم ہاوس کا بھی اعتراف کیا۔ منڈی بہاؤالدین میں 150 ایکڑ زرعی اراضی اور 200 مویشیوں پر مشتمل ڈیری فارم، جوہر ٹاؤن لاہور میں 8 مرلے کا گھر، اتحاد ٹاؤن لاہور میں 7 مرلہ کمرشل اور 10 مرلہ رہائشی پلاٹ اور 2 گاڑیوں کی ملکیت کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک ہاوسنگ سوسائٹی میں ان کا  ایک کنال کا گھر زیرِتعمیر ہے۔

مونس الہٰی کے ذریعے شوگر مل میں 25 کروڑ روپے اور رحیم یارخان کی شوگر مل میں 10 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا اعتراف کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے خواجہ موٹرز لاہور میں 10 کروڑ روپے اور سرگودھامال نظام حیدر کے ساتھ 7 کروڑ روپے کیسرمایہ کاری کا بھی اعتراف کیا ہے۔

محمد خان بھٹی نے اپنے اقبالی بیان میں بتایا کہ 2021 میں رانااقبال کو 20 لاکھ روپے رشوت لے کر نوکری دی۔ہائی ویز منڈی بہاؤالدین کے ٹینڈر میں رانا اقبال سے ساڑھے 19 کروڑ روپے وصول کئے۔ رانا اقبال کو بعد میں ایکسین قصور لگانے کیلئے 30 لاکھ روپے وصول کئے۔

چوہدری پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکریٹری نے بتایا کہ سابق ڈسکہ ہائی وے ٹینڈر میں نوید نامی ٹھیکیدار سے2 کروڑ روپے کی رشوت لی۔

چوہدری پرویز الہٰی کے کہنے پر پنجاب اسمبلی میں 500 افراد بھرتی کئے۔ 15 سیٹوں کا کوٹہ پرویزالہٰی، طارق بشیر چیمہ اور راجہ بشارت کو دیا گیا۔ ایک سیٹ اعجاز حسین شاہ کے بھتیجے اور 4 سیٹیں میرے حصے میں آئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پرویز الہٰی اور مونس الہٰی نے گجرات میں 50 لاکھ کے ٹینڈر میں 35 فیصد کمیشن لیا۔ مونس الہیٰ نے لاہورکے ماسٹر پلان میں ملک ریاض اور دیگر کو فائدہ دے کر اربوں روپے کی کک بیکس وصول کی ہیں۔ بلڈنگ ڈویژن گجرات میں 3۔5 فیصد  کک بیکس فرنٹ مین سہیل نے وصول کیں۔

محمد خان بھٹی نے اپنےاقبالی بیان میں بتایا انڈسٹریل اسٹیٹ گجرات اور حافظ آباد ٹو گجرات روڈ کے ٹھیکے پر 35 فیصد ، پنجاب ماس ٹرانزٹ کے تحت بسوں کی خریداری میں 10 فیصد، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے کنٹریکٹ میں 7 فیصد کمیشن حاصل کیا گیا۔

اقبالی بیان میں سپریم کورٹ کے ایک جج کا بھی نام لیا گیا۔ جج نے اپنے دو بیٹوں کو فرنٹ مین رکھا تھا۔ جج کے بیٹے کک بیکس لیتے اور تعیناتیاں کراتے تھے۔ محمد خان بھٹی نے کہا کہ  پی ٹی آئی قیادت اور پرویز الہٰی کی ہدایت تھی کہ کسی بھی سورت جج کے بیٹوں کا کام نہیں رکنا چاہیے۔ اس کے علاوہ بیان میں اعلٰی عدلیہ کی مزید تین جج صاحبان پر بھی سنگین الزامات لگائے گئے۔

محمد خان بھٹی نے بتایا کہ سابق وزیراعلٰی پرویز الٰہی کی جانب سے چوہدری اعجاز اور ملک کو بھی فائدے دیئے گئے ہیں۔

اپنی گرفتاری کے حوالے سے محمد خان بھٹی نے بتایا  کہ 26 فروری 2023 کو چمن کے راستےافغانستان فرار ہونے کوشش کی۔چمن بارڈرپرپولیس نے روکنے کی کوشش کی۔ہم نےپولیس پرجوابی فائرنگ کی۔پولیس کی جوابی کارروائی سےکارکےٹائر پھٹ گئے۔پولیس نے مجھے 2 کلاشنکوف اور ساتھی سمیت گرفتار کر لیا۔