واٹس ایپ آڈیو چیٹ اور کال میں چند نئی تبدیلیاں جلد متوقع

واٹس ایپ آڈیو چیٹ اور کال میں چند نئی تبدیلیاں جلد متوقع
دنیا کی سب سے بڑی اور مصروف انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے جلد ہی صارفین کے لیے زبردست اور بہترین تبدیلیاں کی جارہی ہیں جن میں’ٹوئٹر سپیس‘ جیسا فیچر پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق میٹا کی زیرملکیت میسجنگ اپلیکشن کی جانب سے آڈیو چیٹ اور کال میں چندنئی تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔ جلد صارفین کے لئے ایپ میں ٹویٹر اسپیسِس جیسی سہولیات پیش کی جائیں گی۔

بی ٹا ورژن 2.23.7.12 کے مطابق واٹس ایپ کال کا نیا انٹرفیس پیش کیا جائے گا جس میں کال بٹن کی جگہ لہردار لوگو پیش کیا جائے گا۔ یہ لوگو مینو میں سب سے بلند دکھائی دے گا۔ اس طرح اوپر کی آڈیو بار کو بڑھا گیا ہے۔

ویب سائٹ کی جانب سے اس نئے فیچر کو  'آڈیو چیٹ'کا نام دیا گیاہے اور اس کا ایک اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔



مزید بتایا گیا ہے کہ اس طرح گروپ چیٹس کو بہتر بنایا جائے گا جس میں بہت سارے لوگ دوست اور ساتھی آڈیو فائل شیئر کرسکیں گے۔ یعنی انہیں ٹویٹر سپیس جیسا بنایا جارہا ہے۔

جیسا کہ واٹس ایپ میں 'ون ٹائم'  تصاویر  کام کرتی ہیں، ایپ 'ون ٹائم وائس' پیغامات پر بھی کام کر رہا ہے۔ ایسی خصوصیات خاص طور پر ان لوگوں کے لیے مفید ہیں جو اپنی پرائیویسی کی قدر کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں ٹیکنالوجی تجزیہ نگاروں نے اسے سلیک ہڈلزیا ڈسکارڈ وائس ایپ سے بھی تشبیہہ دی ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق امکان ہے کہ وائس آپشن ڈسکارڈ کے زیادہ قریب ہوگا۔

واٹس ایپ اپنے آڈیو سے متعلق خصوصیات کو بہتر بنانے پر کام کر رہا ہے۔ اگر یہ فیچر واٹس ایپ کے مستقبل کے ورژنز میں آتا ہے تو یہ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر دستیاب ہوگا۔ یہ واضح نہیں ہے کہ یہ فیچر کب تک صارفین کے لیے دستیاب ہوگا کیونکہ بہت سے ٹیسٹ فیچرز تاحال ایپ میں شامل نہیں کیے گئے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سوشل میڈیا ایپ واٹس ایپ نے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے لیے نئی واٹس ایپ ایپلی کیشن متعارف کرائی جس سے گروپ کالز کرنا ممکن ہوسکیں گی۔

فیس بک اور پیرنٹ کمپنی میٹا پلیٹ فارم کے شریک بانی مارک زکربرگ نے فیس بک پر اعلان کیا کہ ونڈوز کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپ کے لیے نئی ایپ متعارف کرا دی ہے۔ اس نئے ورژن میں کالنگ فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پرانی ایپلی کیشن کے مقابلے میں نئے ایپ کی کارکردگی بھی بہتر بنایا گیا ہے۔

نئی ڈیسک ٹاپ ایپ میں اب 8 افراد کے ساتھ ویڈیو کالز اور 32 افراد کے ساتھ آڈیو کالز کرنا ممکن ہوگا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ویڈیو کالنگ کے لیے لوگوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے ڈیسک ٹاپ پر واٹس ایپ ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے گروپ کالز میں شامل ہونا آسان ہو جائے گا۔

اس سے قبل کمپنی نے مزید 2 نئے فیچرز متعارف کروائے تھے۔ پہلے فیچر میں کسی واٹس ایپ گروپ میں شامل افراد کی تعداد میں ڈبل اضافہ کیا گیا۔ گروپس کے اراکین کی تعداد 512 سے بڑھ کر 1024 کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

دوسرا ’وائس اسٹیٹس‘ کا فیچر پیش کیا گیا تھا جس سے وائس نوٹ کے ذریعے واٹس ایپ اسٹیٹس لگا سکیں گے۔