مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین پر فائرنگ، شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل

مسلم لیگ ن کے رہنما بلال یاسین پر فائرنگ، شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل
مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ، شدید زخمی حالت میں لاہور کے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایم ایس میو ہسپتال کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کے آپریشن کیلئےسرجن پہنچ گئے ہیں۔ لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بلال یاسین پر دو نقاب پوش حملہ آوروں ‏نے فائرنگ کی جس سے ایک گولی بلال یاسین کے پیٹ اور دوسری ٹانگ پر لگی، حملہ آور فائرنگ ‏کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے بلال یاسین پر فائرنگ کی۔ بلال یاسین کو دو گولیاں پیٹ اور ایک ٹانگ میں لگی۔ ملزم فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
دوسری جانب بلال یاسین کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان پر یہ قاتلانہ حملہ بلال گنج کے علاقے میں پیش آیا۔ موٹر سائیکل سوار ملزموں نے نقاب پہنچ رکھے تھے۔
خیال رہے کہ بلال یاسین مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خوراک ہیں۔ وہ بلال گنج کے رہائشی ہیں ‏اور ان کا پارٹی دفتر بھی اسی علاقے میں ہے جہاں انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
سی سی پی او فیاض احمد دیو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب ‏کر لی ہے۔ سی سی پی او لاہور نے واقعےمیں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکام سے ملزموں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1476943198081671168?s=20

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ مسلم لیگ ن کے ممبر پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ۔ پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللّہ نے بچا لیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حالت خطرہ سے باہر ہے۔اللّہ انھیں جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے۔ سب سے دعا کی درخواست ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لیگی رہنما بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو ہدایت کی ہے وہ فوری طور پر ملزموں کی سرکوبی کیلئے اقدامات اٹھائیں جبکہ میو ہسپتال کی انتظامیہ انھیں ہر ممکنہ طبی امداد فراہم کرے۔

https://twitter.com/president_pmln/status/1476943898203328515?s=20

مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے بھی اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ بلال یاسین پر فائرنگ دہشت گردی ہے۔ مجرموں کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ بلال یاسین کی زندگی اور صحت کے لئے فکر مند ہوں، اللہ تعالیٰ انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے۔ پارٹی کارکنان اور قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ بلال یاسین کی زندگی اور صحت کے لئے دعا فرمائیں۔