عمران خان کے پاس چند دن باقی، ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں: بلاول بھٹو زرداری

عمران خان کے پاس چند دن باقی، ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں: بلاول بھٹو زرداری
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جو کہتا تھا پیٹرول، بجلی، چینی، آٹا مہنگا ہے، گھبرانا نہیں، اب وہ شخص خود گھبرا گیا ہے، اس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں،وہ پی پی پی جیالوں سے خوف زدہ ہے۔
پتوکی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتہ سے عوام سڑکوں پر ہیں۔ یہ قافلہ 27 فروری سے کراچی سے نکلا جس کا جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ اس قافلہ میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، رحیم یار خاں، بہاولپور، ملتان، خانیوال، چیچہ وطنی اور اب پتوکی والے شامل ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کا بھٹو زندہ ہے۔ میں آپ کو تاریخی استقبال پر سلام پیش کرتا ہوں۔ کشمیر چوک پتوکی میں عوامی لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ملکی دفاع اور قیادت کیلئے قائد کی ضرورت ہے، کھلاڑی کی نہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تاریخ میں سب سے زیادہ یوٹرن عمران خان نے لیے۔ پیپلز پارٹی کے خاتمے کا خواب دیکھنے والے خود ختم ہوگئے۔ ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ عمران خان کو کھلا میدان نہیں دیا۔ ہر ضمنی الیکشن میں سلیکٹڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ عمران خان کے پاس چند دن باقی ہیں۔ ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ جمہوری حملہ کریں گے۔ سلیکٹڈ کو بھگائیں گے اور جمہوری حکومت قائم کریں گے۔
قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری پتوکی میں پانچ گھنٹے تاخیر کے ساتھ 7:30 بجے کے قریب رات کو پہنچے جہاں پر پی پی پی کے جیالوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔