تحائف کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام ہوا تو ایکشن ہونا چاہیے: حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

تحائف کے معاملے پر کوئی غیر قانونی کام ہوا تو ایکشن ہونا چاہیے: حافظ محمد طاہر محمود اشرفی
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دوست ممالک سے ملنے والے تحائف کے حوالہ سے صورتحال افسوسناک ہے۔ توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے کی وضاحت ہونی چاہیے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال دوست ممالک میں پورے پاکستان کیلئے شرمندگی کا سبب بن رہی ہے۔ تحائف کے حوالہ سے عمران خان اور وزارت خارجہ کو صورتحال واضح کرنی چاہیے۔ تحائف کے حوالہ سے ذرائع ابلاغ اور سیاسی قیادت دوست ممالک کے نام نہ لیں تو بہتر ہوگا۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کے اس وقت اسلامی عرب ممالک سے تعلقات بہتر ہیں، کوئی غلط فہمی پیدا نہ ہونے دیں۔ تاہم تحائف کے حوالہ سے جو صورتحال سامنے آ رہی ہے اس سے پاکستان کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر تحائف کے حوالہ سے کوئی غیر قانونی کام ہوا ہے تو اس پر ایکشن ہونا چاہیے۔ ذرائع ابلاغ پر یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے۔