پیٹرول کی قیمت میں مزید 30 روپے اضافہ، فی لیٹر 209 روپے 86 پیسے کا ہو گیا

پیٹرول کی قیمت میں مزید 30 روپے اضافہ، فی لیٹر 209 روپے 86 پیسے کا ہو گیا
حکومت نے آئی ایم ایف کیساتھ کڑی شرائط کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ کرتے ہوئے عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا ہے۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 30، 30 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اس اہم فیصلے کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔ قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن عالمی مہنگائی کی وجہ سے ریٹس بڑھائے جا رہے ہیں۔ ڈیزل 30 روپے اضافے سے 204 جبکہ لائٹ ڈیزل 178 روپے کا ہو جائے گا۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمتیں بڑھ کر 181.94 پیسے ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹا 40 روپے اور چینی 70 روپے تک پورا سال فروخت ہو گی، چینی اور آٹے کی قیمتوں پر سبسڈی ملتی رہے گی۔ چاول دال اور گھی کی سبسڈی بھی کچھ عرصہ چلے گی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اس وقت آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا مجبوری تھی، آئی ایم ایف سے معاہدہ جون تک ہو جائے گا، ہر بات ان کی نہیں مان سکتے، آئی ایم ایف سے روزانہ کی بنیاد پر بات چیت چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معاہدے کی خلاف ورزی کر کے عوام کو سبسڈی دی،مارچ کی 15 تاریخ کے بعد سے عمران خان نے جال بچھایا عمران خان نے 4 سال میں 20 ہزار ارب کا پاکستان پر قرض چڑھایا۔